سی بی آئی ڈائرکٹر بھوشن کے الزامات کا جواب دیں - سپریم کورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-09

سی بی آئی ڈائرکٹر بھوشن کے الزامات کا جواب دیں - سپریم کورٹ

سپریم کورٹ نے2Gاور گول گیٹ اسکامس کی تحقیقات سے رنجیت سنہا کو ہٹا دینے سے متعلق پیش کردہ پرشانت بھوشن کی درخواست میں لگائے گئے الزامات کا اندرون ایک ہفتہ جواب دینے کی سی بی آئی ڈائرکٹر کو ہدایت دی ہے۔ سنہا پر الزام ہے کہ دونوں معاملات میں ملوث کئی ملزمین سے انہوں نے اپنی سرکاری قیامگاہ پر ملاقات کی۔ جسٹس ایچ ایل دتو کی قیادت والی بنچ نے سینئر ایڈوکیٹ بھوشن کی جانب سے پیش کردہ، وزیٹرس بک کو ریکارڈ میں شامل کرلیا جس میں سنہا کی قیامگاہ پر آنے والوں کے بارے میں تفصیل درج ہے ۔ بھوشن نے اپنی درخواست میں الزام لگایا کہ سنہا نے اپنی سرکاری قیام گاہ پر ملزمین سے کئی مرتبہ ملاقات کی جب کہ قواعد کے مطابق انہیں ملزمین سے تحقیقات سے جڑے دیگر سی بی آئی عہدیداروں کی موجودگی میں اپنے دفتر پر ملاقات کرنی چاہئے تھی ۔ بھوشن نے عدالت کو بتایا کہ سنیا نے اپنی قیام گاہ پر حوالہ آپریٹر معین قریشی سے بھی ملاقات کی جو گوشت برآمد کنندہ ہے ۔ سی بی آئی سربراہ پر دونوں مقدمات میں ملزمین کو بچانے کی کوششوں کا بھی الزام ہے۔ یاد رہے کہ2Gاور کول گیٹ اسکام کی تحقیقات کی سپریم کورٹ نگرانی کررہی ہے ۔ بنچ نے کہا کہ سی بی آئی ڈائرکٹر کے خلاف جو بیانات دئیے گئے ہیں، نہایت سنگین ہیں چنانچہ وہ حلف نامہ داخل کرنے سے انکار نہیں کرسکتے۔ سنہا کی پیروی کرتے ہوئے سینئر ایڈوکیٹ وکاس سنگھ نے کہا کہ ان کے موکل حلف نامہ داخل کرنا نہیں چاہتے کیونکہ اس سے2Gاسکام کیس میں مقدمہ پر اثر پڑے گا ۔ وکیل نے یہ بھی کہا کہ عدالت کو اس وقت تک اس معاملہ کی سماعت نہیں کرنا چاہئے جب تک معلومات کے وسائل کا علم نہ ہوجائے کیونکہ جو معلومات بیانات کے ذریعے پیش کی گئی ہیں ، وہ سی بی آئی کے انتہائی خفیہ نوٹس کی بنیاد پر دی گئی ہیں۔ بنچ نے تاہم وکیل کی درخواست مسترد کردی اور کہا کہ وہ2Gکیس کی نگرانی کررہا ہے اور سنہا کے خلاف بڑے سنگین الزامات لگائے گئے ہیں ۔ عدالت نے کہا کہ اگر سی بی آئی ڈائرکٹر حلف نامہ داخل کرنا نہیں چاہتے تو عدالت کیس کو آگے بڑھائے گی اور جواب داخل نہ کرنے کے منفی اثر کا بھی انہیں سامنا کرنا پڑے گا۔ بنچ نے سنہا سے سوال کیا’’ حلف نامہ داخل کرنے میں آخر کیا رکاوٹ ہے؟ آپ ہم سے جو کچھ کہنا چاہتے ہیں وہ تحریری طور پر کہیں۔‘‘ اس ہدایت کے بعد سی بی آئی ڈائرکٹر نے مہربند لفافہ میں حلف نامہ داخل کرنے سے اتفاق کرلیا۔ بنچ نے ڈائرکٹر کو اندرون ایک ہفتہ جواب داخل کرنے کی اجازت دی اور کیس کی سماعت15ستمبر تک ملتوی کردی ۔ سنہا کی قیام گاہ پر آنے والوں کی فہرست ایڈوکیٹ پرشانت بھوشن نے مہر بند لفافہ میں عدالت کے حوالے کی۔

2G case: SC asks CBI director Ranjit Sinha to file response on charges against him

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں