چینی صدر کا دورہ - ہند چین پوری انسانی برادری کا مستقبل بدل سکتے ہیں - وزیراعظم مودی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-17

چینی صدر کا دورہ - ہند چین پوری انسانی برادری کا مستقبل بدل سکتے ہیں - وزیراعظم مودی

احمدآباد
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کل احمدآباد میں چین کے صدر زی جنپنگ سے ملاقات کریں گے۔ جنپنگ کل سے 3روزہ سرکاری دورہ پر ہندوستان آ رہے ہیں۔ واضح رہے کہ17ستمبر وزیر اعظم مودی کی سالگرہ ہے ۔ اس کے علاوہ نریندر مودی وزارت عظمیٰ پر فائز ہونے کے بعد پہلی مرتبہ گجرات کا دورہ کر رہے ہیں تاکہ یہاں صدر چین کا استقبال کیاجاسکے۔ ہندوستان اور چین کے دونوں قائدین کی ملاقات کے دوران3یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے جائیں گے۔ اس میں سے ایک یادداشت مفاہمت گجرات حکومت اور چین کے صوبے گوانگ ڈونگ کی طرف سے بھی دستخط کئے جائیں گے۔ چینی صدر کے ہندوستان دورے سے چینی سرمایہ کاروں کے ہندوستان میں سرمایہ کاری کرنے کے رجحان میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم مودی اور زی جنپنگ کی یہ ملاقات چہار شنبہ کو احمدآباد کی حیات ہوٹؒ میں ہو گی۔ حکومت گجرات کے ترجمان نے بتایا کہ گورنر گجرات کے گورنراوپی کوہلی چیف منسٹر آنندی بین پٹیل معتمد داخلہ سجاتا سنگھ اور دوسرے اہم سرکاری عہدیدار صدر زی کا طیرانگاہ پر استقبال کریں گے۔ زی جنپنگ کو گارڈ آف آنر بھی دیاجائے گا۔ واضح رہے کہ چین کے صدر کا دورہ ہند وزیر اعظم نریندر مودی کے حالیہ جاپان دورے کے بعد ہورہا ہے۔
مودی کے جاپان دورے کو ہندوستانی میڈیا اور حکومت کے عہدیدار نے خوب بڑھا چڑھا کر پیش کیا جس کو دیکھتے ہوئے چینی صدر کے دورے پر کافی دلچسپی کے ساتھ نظر رکھی جا رہی ہے۔ جاپان اور چین بین الاقوامی سیاست میں ایک دوسرے کے زبردست حریف سمجھے جاتے ہیں ۔ نئی دہلی میں چینی صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ ہندوستان اور چین آپس میں تاریخی و ثقافتی طور پر ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور وہ مل کر پوری انسانی برادری کا مستقبل سدھار سکتے ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات اس طور پر وابستہ ہیں کہ دونوں مل کر تاریخ رقم کر سکتے ہیں اور پوری انسانیت کے لئے بہتر مستقبل طے کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں کے تعلقات میں بتدریج پیشرفت ہورہی ہے ۔ وزیرا عظم نے کہا کہ امید ظاہر کی کہ ہندوستان اور چین مسلسل آگے بڑھتے رہیں گے جس سے ان کے ساتھ پورا بر اعظم ایشا اور انسانی برادری استحکام اور ہم آہنگ کی جانب گامزن ہو گی ۔ دونوں ملکوں کی وسیع آبادی کی صراحت کرتے ہوئے نریندر مودی نے کہاکہ دونوں ملکوں کو کوئی بھی فائدہ ہونے سے دنیا کی تقریباً35فیصد آبادی کو فائدہ پہنچتا ہے اور دونوں ملکوں کے تعلقات بہتر ہونے سے دنیا 35فیصد لوگ ایک دوسرے کے قریب آ جاتے ہیں اور جب دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعاون میں اضافہ ہوتا ہے تو دنیا کی35فیصد آبادی کی حالت میں خاطر خواہ سدھار ہوتا ہے۔ مستقبل میں ہندوستان اور چین کے مابین تعلقات کے بارے میں پوچھے جانے پر وزیر اعظم نے کہا کہ دونوں کے تعلقات کسی ریاضی کے قاعدے پر مبنی نہیں ہیں بلکہ ان میں خصوصی وابستگی ہے جو مستقبل بہتر بناسکتی ہے۔

نئی دہلی سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب صدر چین زی جنپنگ کے دورہ ہند کے موقع پر چین نے آج کہا کہ مشرقی فراست سے ہند۔ چین اپنے سرحدی تنازعات حل کر لیں گے۔ پی ٹی آئی کو انٹر ویو دیتے ہوئے نئے تقرر کردہ چینی سفیر برائے ہند منسٹر لی یاچنگ نے کہا کہ اس تنازعہ کو حل کرنے کے لئے دونوں جانب بہت خواہش پائی جاتی ہے۔ سرحدوں کا تکلیف دہ مسئلہ صد ر زی جنپنگ اور وزیر اعظم نریندر مودی کے درمیان اصل موضوع ہو گا ۔ یہ مذا کرات پہلے وزیر اعظم مودی کی جانب سے خانگی عشائیہ کے موقع پر17ستمبر کو احمدآباد میں ہو گی اور 18ستمبر کو نئی دہلی میں ہوں گے۔

India-China bound by history, connected by culture: Narendra Modi

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں