امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں مسترد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-12

امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ عدالت میں مسترد

مظفر نگر کی ایک عدالت نے صدر بی جے پی امیت شاہ کے خلاف داخل کردہ ایک چارج شیٹ کو آج مسترد اور واپس کردیا ۔ سرکاری عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ عدالت کے اس اقدام کو مختلف گوشوں نے یوپی کی اکھلیش یادو حکومت کے لئے ایک بڑا دھکا قرار دیا ہے ۔ ضلع مجسٹریٹ نے پولیس کو یہ ہدایات دیتے ہوئے مذکورہ چارج شیٹ واپس کیا کہ اس کیس کی دو بارہ تحقیقات کی جائیں کیونکہ امیت شاہ پر دفعات کے لگانے میں نقائص پائے گئے ہیں۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ مذکورہ چارج شیٹ کے استرداد پر اکھلیش یادو حکومت برہم ہے ۔ اسی دوران بی جے پی کی ریاستی یونٹ نے الزام لگایا کہ سماج وادی پارٹی حکومت نے سیاسی انتقام کے سبب امیت شاہ کے خلاف نئی دفعات لگائی ہیں جن میں سے بعض سنگین اور ناقابل ضمانت دفعات ہیں ۔ صدر ریاستی بی جے پی لکشمی کانت باجپائی نے آج آئی اے این ایس کو بتایا کہ اب یہ ثابت ہوگیا ہے کہ آئندہ13ستمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات میں امکانی شکست سے خوفزدہ سماج وادی پارٹی کس حد تک گر چکی ہے ۔’’لوک سبھا انتخابات میں یہ پارٹی ایک ملبہ کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئی اور اب آنے والے ضمنی انتخابات میں پھر ایک بار اپنے صفائے کے دہانہ پر ہے ۔ مایوسی کے سبب یہ پارٹی سیاسی حریفوں کو پھانسنا چاہتی ہے ۔‘‘ یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ پولیس نے امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ کل داخل کیا تھا ۔ گزشتہ لوک سبھا انتخابات کی مہم کے دوران ایک (اشتعال انگیز) تقریر کرنے پر ان کے خلاف کیس دائر کیا گیا ہے ۔ امیت شاہ نے گزشتہ4اپریل کو یہ تقریر کی تھی تب پولیس نے دفعہ144کے تحت امتناعی احکام کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا ۔ وہ اس وقت یوپی میں بی جے پی کی انتخابی مہم کے انچارج تھے ۔ اب مظفر نگر کی نئی منڈی پولیس کے داخل کردہ چارج شیٹ میں قانون تعزیرات ہند کی دفعات295(A),153(A)اور دفعہ505کا اضافہ کیا گیا ہے ۔ یہاں یہ تذکرہ مناسب ہوگا کہ اگر یہ الزامات صحیح ثابت ہوں تو صدر بی جے پی کو3سال تک کی جیل کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ اسی دوران محکمہ داخلہ کے عہدیداروں نے بتایا کہ پولیس سے خواہش کی جائے گی کہ وہ اس معاملہ کی دوبارہ اور تفصیلی تحقیقات کرے اورنیا چارج شیٹ داخل کرے ۔

UP Court rejects chargesheet filed against Amit Shah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں