داعش کے جنگجوؤں کی تعداد اندازہ سے زیادہ - سی آئی اے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-13

داعش کے جنگجوؤں کی تعداد اندازہ سے زیادہ - سی آئی اے

امریکی خفیہ ادارہ سی آئی اے کا کہنا ہے کہ خفیہ اطلاعات کے مطابق داعش کے جنگجوؤں کی تعداد تقریباً31ہزار ہے جو سابقہ اندازہ کے مقابلہ میں کوئی تین گنا زیادہ ہے ۔ سی آئی اے کے ایک ترجمان نے کہا کہ مئی سے اگست کے دوران خفیہ اطلاعات کے تجزیوں کی بنیاد پر یہ کہاجاسکتا ہے کہ داعش جنگجوؤں کی تعداد31ہزار تک ہوسکتی ہے ۔ جو اندازے سے تین گنا زیادہ ہے اور یہ دولت اسلامیہ میں بھرتی ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا نتیجہ ہے ۔ دولت اسلامیہ نے عراق میں وسیع علاقے پرقبضہ کیا ہوا ہے اور اس نے دو امریکی صحافیوں سمیت متعدد افراد کے سر قلم بھی کیے ہیں جن کے بعد امریکہ کی جانب سے اسے فضائی حملوں میں نشانہ بنانے کے واقعات میں تیزی آئی ہے ۔ سی آئی اے کے ترجمان رائن تراپانی کا کہنا ہے کہ ادارے کے سابقہ اندازوں کے مطابق دولت اسلامیہ کے ارکان کی تعداد دس ہزار کے لگ بھگ تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئی تعداد جون کے بعد دولت اسلامیہ میں بھرتی ہونے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کا نتیجہ ہے اور اس کی وجہ خلافت کا اعلان اور حکومتی افواج کے خلاف مختلف محاذوں پر کامیابی ہوسکتی ہے ۔ امریکی خفیہ ادارے کی جانب سے دولت اسلامیہ کے جنگجوؤں کی تعدا د میں اضافے کا اندازہ صدر بارک اوباما کی جانب سے اس گروہ کے خلاف کارروائی کی حکمت عملی کے اعلان کے ایک دن بعد ہی سامنے آیا ہے ۔ حالیہ مہینوں میں دولت اسلامیہ نے شام کے مشرقی علاقوں میں اپنی پوزیشن مضبوط کی ہے جب کہ عراق میں مزید قصبات ، فوجی اڈوں اور ہتھیاروں پر قبضہ کیا ہے۔ ادھر امریکہ نے دولت اسلامیہ کے خلاف ممکنہ عالمی عسکری کارروائی کے لئے ریٹائرڈ جنرل جان ایلن کو رابطہ کا ر مقرر کردیا ہے ۔د ریں اثناء امریکہ کے وزیر خارجہ جان کیری ان دنوں دولت اسلامیہ کے خلاف کارروائی کی حمایت حاصل کرنے کے لئے مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک کے دورے پر ہیں۔

ISIS has 3 Times More Fighters than Previously Estimated

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں