بی جے پی شیو سینا اتحاد بستر مرگ پر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-23

بی جے پی شیو سینا اتحاد بستر مرگ پر

ممبئی
پی ٹی آئی
بی جے پی نے مہاراشٹرا کی288اسمبلی نشستوں میں سے شیو سینا کو130سیٹوں کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی اعتدال پسند تجویز ہے ۔ لیکن اس کی زعفرانی حلیف اسے قبول کرنے کے لئے موڈ میں نہیں ہے ۔ اس طرح25سال پرانا اتحاد ٹوٹنے کے مزید اندیشے پیدا ہوگئے ہیں۔ مہاراشٹرا بی جے پی کے ایک سرکردہ قائد اور ریاستی اسمبلی کے لیڈر آف اپوزیشن ایکناتھ کھڈسے نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ اتحاد بستر مرگ پر ہے۔ اس تعطل سے شیو سینا اور بی جے پی کی زیر قیادت اتحاد مہا یوتی میں شامل چھوٹی جماعتوں کے پاس کسی ایک پارٹی کے ساتھ جانے یا تنہا انتخابات لڑنے کا راستہ رہ گیا ہے ۔ شیو سینا کے صدر ادھو ٹھاکرے نے سخت موقف اختیار کرتے ہوئے ایک قطعی پیشکش کی تھی ، جس کے تحت ان کی پارٹی151سیٹوں پر مقابلہ کرے گی اور بی جے پی کو119و اتحادی جماعتوں کو18نشستوں کی پیشکش کی گئی ۔ لیکن بی جے پی نے130نشستوں کے ساتھ جوابی تجویز پیش کی ہے اور اپنے135سیٹوں کے سابقہ موقف سے کچھ کم کی پیشکش کی ہے ، اور کہا ہے کہ اگر این ڈی اے کی قدیم ترین حلیف کے ساتھ راہیں جدا کرنے کے لئے مجبور ہونا پڑا تو وہ تمام288سیٹوں پر مقابلہ کرے گی ۔ اگرچہ شیو سینا کے کسی بھی لیڈر نے بی جے پی کی تجویز پر باقاعدہ طور پر رد عمل ظاہر نہیں کیا ہے ۔ لیکن پارٹی کے ایک لیڈر نے نام ظاہر نہ کرنے کی خواہش پر بتایا کہ یہ تجویز پرانی ہے ۔ ادھوٹھاکرے نے واضح کردیا ہے کہ یہ پیشکش قطعی ہے ۔
پارٹی جنرل سکریٹری و انچارج مہاراشترا راجیو پرتاپ روڈی نے دہلی میں کہا کہ ان کی پارٹی نے شیو سینا کو ایک انتہائی معتدل تجویز روانہ کی ہے اور 130نشستوں کی پیشکش کی ہے جتنی کہ اس کی حلیف جماعت نے گزشتہ30برسوں میں کبھی نہیں جیتی ہیں۔ روڈی نے کہا کہ بی جے پی مہاراشٹرا میں تمام نشستوں پر مقابلہ کرنے کے لئے بھی تیار ہے ۔ اس سے پہلے بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے آج شیو سینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے سے ملاقات کی جب کہ آئندہ ماہ کے اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں دونوں جماعتوں کے درمیان حلقوں کی تقسیم کے مسئلہ پر جاری تعطل برقرار ہے ۔ بی جے پی کے ذرائع نے بتایا کہ شاہ نے آج صبح کی ملاقات میں شیو سینا سربراہ سے حلقوں کے بارے میں اپنے موقف پر نظر ثانی کی خواہش کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ288رکنی اسمبلی میں119حلقوں کی سینا کی پیشکش سے بی جے پی ناراض ہے اور کم از کم135حلقوں پر مقابلہ کی خواہاں ہے ۔ بی جے پی کی مرکزی انتخابی کمیٹی کا ایک اجلاس کل شام وزیر اعظم نریندر مودی کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ جس میں وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ اور وزیر خارجی امور سشما سوراج بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں شیو سینا سے جاری تعطل کو ختم کرنے کے راستوں پر غور کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ پارٹی نے شیو سینا کی پیشکش کو مسترد کردیا ہے اور اشارہ دیا کہ پارٹی اسمبلی انتخابات میں تنہا حصہ لے گی ۔ ذرائع کے مطابق بی جے پی نے اتحاد کی برقراری کا فیصلہ وزیر اعظم اور شاہ پر چھوڑدیا ہے ۔
مہاراشٹرا میں سیٹوں کی تقسیم کے مسئلہ پر کانگریس اور این سی پی میں تعطل

دریں اثنا نئی دہلی سے یو این آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب کانگریس نے آج یہ اشارہ دیا کہ اگر اس کی پندرہ سالہ شریک نیشنل کانگریس پارٹی مہاراشٹرا اسمبلی کی نصف سیٹوں پر بھی قبضہ برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں ہوگی تو کانگریس کو جانا پڑے گا ۔ کانگریس کے ترجمان ابھیشک مانو سنگھوی نے کہا کہ ہم اپنی طرف سے پوری کوشش کررہے ہیں۔ لیکن اگر ہم کامیاب نہیں ہوں گے تو یقیناًہمیں تنہا ناکام و نامراد ہوکر واپس جانا پڑے گا ۔ کانگریس130سیٹیں این سی پی کو دینا چاہتی ہے جب کہ وہ144سیٹوں سے کم سیٹیں لینے کے لئے راضی نہیں ہے ۔ مہاراشٹرا اسمبلی میں کل288سیٹیں ہیں ۔ این سی پی لیڈر پروفل پاٹل نے کور کمیٹی کی میٹنگ کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ این سی پی کو ر کمٹی کل دوبارہ تمام لیڈروں سے ملاقات کرے گی ۔ جب کہ کانگریس کی مرکزی کمیٹی نے کہا کہ ہمیں اپنے مخالفین کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھنی چاہئے ۔ پارٹی کے سینئر لیڈر نے کہا شیو سینا اور بی جے پی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کے بارے میں ہونے والے مذاکرات و مباحثوں کی جانب بھی اشارہ کیا ۔ آخری انتخابات میں کانگریس نے 174سیٹوں پر مقابلہ کیا جب کہ این سی پی نے144سیٹوں پر مقابلہ کیا تھا۔

BJP says alliance with Sena on death bed

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں