لو جہاد کے مسئلہ پر بی جے پی قائدین میں محاذ آرائی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-20

لو جہاد کے مسئلہ پر بی جے پی قائدین میں محاذ آرائی

پٹنہ
پی ٹی آئی
بہار میں پارٹی کے چیف منسٹری کے امیدوار پر جاری تنازعہ کے دوران ایک اور مسئلہ نے ریاستی بی جے پی کو دہلا دیا ہے جہاں سابق ڈپٹی چیف منسٹر سشیل کمار مودی اور رکن پارلیمنٹ گری راج سنگھ کے درمیان لو جہاد کے مسئلہ پر ٹھن گئی ہے ۔ سشیل مودی نے آج پی ٹی آئی کو بتایا کہ اگر شریک حیات کو تبدیلی مذہب پر مجبور نہ کیاجائے تو میں مسلمانوں اور ہندوؤں کے درمیان بین مذہبی شادیوں کا مخالف نہیں ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والا جوڑا شادی کرنے کے لئے آزاد ہے ۔ اگر انہیں ایک دوسرے سے مسئلہ نہیں تو کسی اور کو بھی مسئلہ نہیں ہونا چاہئے لیکن شریک حیات کو مذہب تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کیاجانا چاہئے اور اس ضمن میں کسی بھی منصوبہ بند کوشش کی بھرپور مخالفت کی جانی چاہئے ۔ مودی نے کہا کہ وہ پارٹی کے اتر پردیش کے رکن پارلیمنٹ یوگی آدتیہ ناتھ کے بارے میں کچھ بھی کہنا نہیں چاہتے ۔ دوسری طرف گری راج سنگھ نے برعکس موقف اختیار رکتے ہوئے کہا کہ وہ یوگی آدتیہ ناتھ کی پوری طرح حمایت کرتے ہیں اور لو جہاد کے بارے میں ان کے نظریات کے حامل ہیں ۔، انہوں نے کہا کہ مختلف مذاہب کے بالغ افراد کے درمیان محبت کا مخالف نہیں ہوں لیکن جب مسلم مرد ہندو لڑکی سے شادی کے لئے جعلی شناخت اپناتے ہیں اور اپنا نام تبدیل کر لیتے ہیں تو یہ دوسرے فرقہ کے خلاف جہاد کے مماثل ہے ۔
بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے کہا کہ خود ہماری پارٹی کے چند قائدین ہیں، جنہوں نے ہندو لڑکیوں سے شادی کی ہے جن میں سید شاہ نواز حسین ، مختار عباس نقوی اور دیگر شامل ہیں لیکن کسی نے بھی اپنے مذہب یا شناخت کو نہیں چھپایا۔ بی جے پی ایم پی نے سشیل کمار مودی پر واضح تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض قائدین ایک ایسے وقت سیکولر لیبل کے لئے ایڑی چوڑی کا زور لگا رہے ہیں جب کہ ہمارا کام لو جہاد کے سماجی خطرے کے بارے میں آگاہ کرنا ہے۔انہوں نے ٹوئیٹر پر کہا کہ ہم سیکولر کہلانے کے لئے مرے جارہے ہیں۔ ہمارا کام لوگوں کو سماجی خطرہ کے بارے میں آگاہ کرنا ہے اور لو جہاد ان میں سے ایک ہے۔ گری راج سنگھ نے یوگی آدتیہ ناتھ کا دفاع کیا جو گورکھپور کے رکن پارلیمنٹ ہیں ۔ گری راج سنگھ نے کہا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات میں شکست کے لئے صرف انہیں ذمہ دار نہیں ٹھہرایاجاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ صرف یوگی جی یوپی میں شکست کے ذمہ دار نہیں ہوسکتے ۔ دوسری ریاستوں میں کئی لوگ سیکولر، سیکولر کے نعرے لگانے کے باوجود شکست کھاچکے ہیں ۔

BJP regrets raking up Love Jihad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں