ایپل واچ آئی فون-6 کے دو نئے ماڈل - ہندوستان میں اگلے ماہ فروخت کا آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-11

ایپل واچ آئی فون-6 کے دو نئے ماڈل - ہندوستان میں اگلے ماہ فروخت کا آغاز

Apple-iPhone6-iPhone-6Plus
واشنگٹن
آئی اے این ایس
معروف امریکی کمپیوٹرساز ادارے اپیل نے اپنے نئے پراڈکٹس متعارف کرائے ہیں ، جن میں اپیل واچ بھی شامل ہے جس کے بارے میں ایپل کا کہنا ہے کہ یہ صارف کی صحت کے بارے میں اہم ڈیٹا جمع کرتی ہے ۔ اس کے علاوہ ایک موبائل والیٹ’’اپیل پے‘‘ اور آئی فون کے دو بڑے ڈسپلے کے ورژنس آئی فون6اور آئی فون6پلس بھی متعارف کرائے گئے ۔ چیف ایگزیکٹیو ٹم کوک نے کیلیفورنیا میں ایپل کے ہیڈ کوارٹر فلنٹ سنٹر کیوپر ٹینو میں منعقدہ رنگا رنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے آئی فون کو مختصر کرتے ہوئے اسے آپ کی کلائی پر باندھنے کے قابل نہیں بنایا بلکہ یہ ایک شخصی ڈیوائس ہے ۔ جو ہم نے تخلیق کی ہے۔ انہوں نے اسے جامع ہیلت اینڈ فٹنس ڈیوائس قرار دیا ۔ ایپل واچ نئے آئی فونس کے ساتھ مربوط ہوتی ہے اور نوٹیفکیشنس(ان کمنگ کال، میسیج ریمائنڈر وغیرہ) ڈسپلے کرتی ہے ۔ اس کی خصوصیات میں مقناطیسی چارجر ، صحت و تندرستی سے مربوط اپلی کیشنس اور ایک کراؤن شامل ہے جو اس کے زوم اور سکرولنگ فنکشنس کو کنٹرول کرتا ہے ۔ یہ گھڑی وقت بھی بتاتی ہے ۔ ایپل نے کہا کہ اس کے تین ورژنس ہیں جس میں اسپورٹس ماڈل اور18کیرٹ سونے کا ماڈل بھی شامل ہے ، جسے ’’ایپل واچ ایڈیشن‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے ۔ ایپل واچ ، لچکدار ریٹینا ڈسپلے کی حامل ہے ، اور دو مختلف سائز میں دستیاب ہے۔ ٹم کوک نے موبائل والیٹ کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم نے ادائیگی کا ایک بالکلیہ نیا طریقہ کار تخلیق کیا ہے اور اسے ایپل پے کا نام دیا ہے ۔ ایپل کے سینئر وائس پرسیڈینٹ ایڈی کیو نے ادائیگی کے طریقۂ کار کے بنیادی رموز کی تشریح کی اور اسے تیز رفتار ، محفوظ اور شخصی قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ امریکن ایکسپریس ماسٹر کارڈ اور ویزا کو بھی اس سے مربوط کیاگیا ہے ۔ ٹم کوک اور ایڈی کیودونوں نے آئی فون6کے دو نئے ورژن بھی متعارف کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بلا شبہ اب تک کے سب سے بہترین آئی فون ہیں۔ گزشتہ سال پیش کئے گئے آئی فون5ایس کے مقابلہ میں ان کا ڈسپلے زیادہ بڑا ہے جس کا سائز بالترتیب4.7اور 5.5انچ ہے اور یہ رینٹینا ڈسپلے سے لیس ہیں ۔ ایپل کی ہی ڈیزائن کی گئی اے8چپ کے حامل دونوں نئے آئی فونس کی موٹائی سابق ورژنس کے معاملہ میں کہیں کم یعنی بالترتیب6.9ملی میٹر اور 7.1ملی میٹر ہے ۔آئی فون 6کے لئے آئن لائن آرڈرس کا سلسلہ12ستمبر سے شروع ہوگا جب کہ ایپل اسٹورس پر ان دونوں کی فروخت کا آغاز 19ستمبر سے ہوگا ۔ آئی فون6، آئی فون5ایس کے مقابل ایک ملین زیادہ پکسل رکھتا ہے ۔ آئی فون6پلس میں دو ملین پکسل زیادہ ہیں جو آئی فون5ایس کے اسکرین کے مقابلہ میں دو گنا ہیں۔ دونوں نئے آئی فونس 8میگا پکسل کیمرے سے لیس ہیں اور ایپل کے دعویٰ کے مطابق ان میں ایک ایسا سنسر نصب ہے جو کیمرہ کو تیزی سے فوکس کرنے میں مدد کرتا ہے ۔ آئی فون6اور آئی فون6پلس میں ایپل کا نیا اے8پراسیسر ہے جو آئی فون5ایس کے مقابل25فیصد زیادہ تیز ہے ۔اس میں نصب کردہM8معاون پروسیسر ، پیدل چلنے اور موٹر سائیکل پر سوار کرنے کے درمیان فرق بتانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ایپل نے کہا کہ آئی فون4ایس، آئی فون5، آئی فون5سی اور آئی فون5ایس رکھنے والے اس کے صارفین کے لئے اسکا نیا آپریٹنگ ایس8، 17ستمبر سے دستیاب رہے گا ۔دونوں فون19ستمبر سے امریکہ اور دیگر8ممالک میں فروخت کے لئے دستیاب رہیں گے ۔ پی ٹی آئی کے بموجب ہندوستان میں فروخت کا آغاز17اکتوبر سے ہوگا۔

Apple iPhone 6, iPhone 6 Plus to reach India on 17 Oct

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں