ہند افغان سیکوریٹی و دفاعی تعاون میں اضافہ سے اتفاق - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-11

ہند افغان سیکوریٹی و دفاعی تعاون میں اضافہ سے اتفاق

کابل
پی ٹی آئی
ایک ایسے وقت جب کہ افغانستان ، جمہوری انداز میں اقتدار کی منتقلی کی تیاریاں کررہا ہے وزیر خارجہ سشما سوراج اور افغانستان کے صدر حامد کرزئی نے آج جنگ زدہ ملک کی سیاسی و سلامتی صورتحال پر وسیع تر تبادلہ خیال کیا اور سلامتی اور دفاع جیسے شعبوں میں تعاون میں اضافہ کرنے سے اتفاق کیا۔ سشما سوراج نے اس میٹنگ کے دوران بتایا کہ ہندوستان مختلف شعبوں میں چیالنجس سے نمٹنے افغانستان کی مدد جاری رکھنے کاپابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ(ہندوستان) اس ملک میں تعمیر نو کی اہم سرگرمیاں جاری رکھے گا ۔ دونوں ممالک نے تجارتی روابط کو وسعت دینے کی ضرورت کا اجاگر کیا ۔ سشما سوراج بحیثیت وزیر خارجہ افغانستان کا اولین دورہ کررہی ہیں۔ وہ ایئر پورٹ سے سیدھے قصر صدارت کے لئے روانہ ہوئیں ، جہاں انہوں نے مختلف کلیدی مسائل پر حامد کرزئی کے ساتھ بات چیت کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ملاقات کے دوران سیاسی صورت حال پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی ۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان افغانستان میں مختلف ترقیاتی پراجکٹس میں تیزی لائے گا۔ ایک ایسے وقت جب کہ ناٹوافواج ملک سے تخلیہ کرنے کی تیاریاں کررہی ہیں ، افغانستان اس بات کا خواہاں ہے کہ ہندوستان سلامتی سے متعلق چیالنجس سے نمٹنے میں اس کی مدد کرے ۔ افغانستان ، فوجی سازو سامان اور اسلحہ نظام کی فراہمی کے لئے ہندوستان پر دباؤ ڈالتا رہا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ افغان صدر نے ہندوستان کو اپنی سیکوریٹی ضروریات سے واقف کرایا ۔ سشما سوراج کے اس دورہ کا مقصد حکمت عملی تعاون میں اضافہ کرنا اور افغانستان کو سیکوریٹی و استحکام سے متعلق کلیدی چیالنجس سے نمٹنے میں مدد فراہم کرنا ہے ۔
جاریہ سال کے اواخر تک افغانستان سے ناٹو فورسس کے انخلاء اور طالبان و القاعدہ سے تعلق رکھنے والے عناصر کے دوبارہ ابھرنے کے اندیشوں کے دوران کیاجانے والا سشما سوراج کا یہ دورہ اہمیت کا حامل ہے ۔ افغانستان14جون کو منعقدہ صدارتی انتخابات کے متنازعہ دوسرے مرحلے کے نتائج کا بے چینی سے منتظر ہے ۔ الیکشن کے دوران ڈالے گئے ووٹوں کی آڈٹ کاکام مکمل ہوچکا ہے اور آئندہ چند دن میں نتائج کا اعلان کیاجاسکتا ہے ۔ سابق وزیر خارجہ عبداللہ عبداللہ اور سابق وزیر فینانس اشرف غنی ، انتخابات میں ایک دوسرے کے حریف صدارتی امیدوار ہیں ۔ انتخابات میں فتح حاصل کرنے والے امیدوار موجودہ صدر حامد کرزئی کے جانشین ہوں گے ، جو گزشتہ تقریباً13سال سے برسر اقتدار ہیں۔حامد کرزئی نے ہندوستان کو ایک فہرست حوالے کردی ہے جس میں درکار فوجی ساز و سامان کی تفصیلات فراہم کی گئی ہیں۔
علیحدہ اطلاع کے مطابق وزیر خارجہ نے آج افغانستان دارالحکومت کے مرکزی علاقہ میں40ملین ڈالر مالیتی ہندوستانی سفارت خانہ کی نئی عمارت کا افتتاح کیا جو مربوط سیکوریٹی نظام سے لیس ہے۔ یہ عمارت 15ایکڑ پر محیط ہے اور40ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے ۔ عمارت کا جملہ رقبہ8300مربع میٹر ہے ۔ وزیر اکبر خان روڈ پر واقع یہ عمارت افغان وزارت خارجہ کے دفتر سے قریب ہے ۔

Swaraj, Karzai agree to intensify security, defence ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں