بی جے پی صدر امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-09-11

بی جے پی صدر امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ

مظفر نگر
پی ٹی آئی
پولیس نے آج بی جے پی صدر امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ داخل کی جن پر اتر پردیش میں لوک سبھا کی انتخابی مہم چلانے کے دوران قابل اعتراض تقریر کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام ہے ۔ 49سالہ امیت شاہ کے خلاف چارج شیٹ یہاں ایک عدالت میں داخل کی گئی ، جس میں الزام عائد کیا گیا کہ انہوں نے مذہب، نسل ، ذات پات اور فرقہ کی بنیاد پر ووٹ مانگے تھے۔ نیومنڈی سرکل کے ڈپٹی ایس پی یوگیندر سنگھ نے بتایا کہ یہ چارج شیٹ تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت داخل کی گئی ہے جن میں دفعہ153A(مختلف فرقوں کے درمیان مذہب ، نسل جائے پیدائش کی بنیاد پر مخاصمت کو فروغ دینا) دفعہ295A(دانستہ اور مذموم حرکتیں، کسی بھی طبقہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانا) اور دفعہ505(جھوٹے بیانات دینا اور افواہیں پھیلانا وغیرہ) تاکہ امن عامہ میں خلل پڑے ۔ مذکورہ دفعات کے علاوہ قانون عوامی نمائندگی کی دفعہ123-3(مذہب کی بنیاد پر ووٹ کی اپیل کرنا)شا مل ہیں۔ پولیس نے الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مثالی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے الزام میں امیت شاہ کے خلاف کیس درج کیا تھا۔ ان پر4اپریل2014کو ریاست میں انتخابی مہم چلانے پر پابندی بھی لگادی گئی تھی ۔ ایک ضلعی عہدیدار نے نیو منڈل پولیس اسٹیشن میں امیت شاہ کے خلاف ایف آئی آر رج کرائی تھی اور یہ کیس تحقیقات کے لیے سب انسپکٹر بی ایل شاہ کے حوالے کیا گیا تھا۔ امیت شاہ اس وقت ایک بڑے تنازعہ میں گھر گئے تھے ۔ جب انہوں نے اپنی تقریر میں کہا تھا کہ2014کے لوک سبھا انتخابات اتر پردیش میں گزشتہ سال مظفر نگر فسادات کے دوران کی گئی توہین کا بدلہ لینے کا بہترین موقع ہے ۔ امیت شاہ کے ’’بدلہ ریمارک‘‘ کو نوٹ لیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے انتخابی قوانین کی خلاف ورزی کے سلسلہ میں انہیں نوٹس جاری کی تھی۔ امیت شاہ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی سے انکار کیا تھا اور الیکشن کمیشن سے کہا تھا کہ وہ دوبارہ اپنی نوٹس پر غور کرے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے ریمارکس کو درست تناظر میں نہیں دیکھا گیا ہے ۔ بعد ازاں الیکشن کمیشن نے ان پر سے پابندی اٹھالی تھی ۔

Chargesheet against BJP President Amit Shah

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں