یو این آئی
تقسیم ہند کے بعد اپنی جان کی حفاظت کے لئے پاکستان سے جموں و کشمیر آکر بسنے والے مہاجرین کے زخم اتنے ہی ہرے ہیں جتنے تقسیم کے وقت تھے۔ نہایت ہی کسمپرسی کی حالت میں زندگی بسر کرنے والے ان1850خاندانوں کی بد قسمتی یہ ہے کہ یہ ہندوستان کے شہری ہیں لیکن اسٹیٹ سبجیکٹ نہ ہونے کی وجہ سے آزادی کے67سال کے بعد انہیں آج تک اسمبلی، پنچایت اور بلدیاتی اداروں کے انتخاب میں ووٹ دینے کا حق نہیں ملا ہے ۔ ریاستی اسمبلی کے اس سال کے آخر میں مجوزہ انتخابات میں عوام بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے وہیں حق رائے دہی سے محروم یہ مہاجرین آزادی کے بعد اس لمحہ کو کوس رہے ہیں جب انہوں نے اس ریاست میں رہائش اختیار کرنے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان سے آکر ملک کے دیگر حصوں میں بسنے والے دیگر لوگ ہر طرح کے آئینی اور قانونی اختیارات کے ساتھ شان سے رہ رہے ہیں ۔ ان میں اندر کمار گجرال، ڈاکٹر منموہن سنگھ ، اور اڈوانی جیسے قائدین وزیر اعظم اور نائب وزیر اعظم جیسے اہم عہدوں پر پہنچ گئے لیکن اس سرحدی ریاست میں بسے لوگ غلاموں جیسی زندگی بسر کررہے ہیں۔ ان مہاجرین پر مصیبت کی مار اس لئے بھی زیادہ ہے کیون کہ ان میں سے بیشتر درج فہرست ذات اور پسماندہ طبقہ کے ہیں اور وہ ریاست میں اقلیت ہیں۔ مہاجرین کی تنظیم ویسٹ پاکستان مہاجرین نے وزیر اعظم دفتر کو سونپی گئی یادداشت میں کہا کہ وہ ریاست میں زمین نہیں خرید سکتے ، ان کے بچوں کو ریاست کے تکنیکی اور پیشہ ور کالجس میں داخلہ نہیں مل سکتا اور چوتھے درجہ کے ملازم کی نوکری نہیں مل سکتی ۔
--
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں