عالمی تنظیم صحت کا سیرالون کی لیباریٹری بند کرنے کا فیصلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-28

عالمی تنظیم صحت کا سیرالون کی لیباریٹری بند کرنے کا فیصلہ

جنیوا
رائٹر
عالمی صحت تنظیم(ڈبلیو ایچ او) نے اس کے ایک طبی اہلکار کے ایبولا وائرس سے متاثر ہوجانے کی وجہ سے سیر الون کے کائلاہن میں واقع اپنی لیباریٹری بند کردی ہے ۔ اس لیباریٹری میں ایبولا وائرس سے متاثر لوگوں کی جانچ کی جارہی تھی ۔ ڈبلیو ایچ او کی ترجمان کرسٹی فیگ نے یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایاکہ سیرا لون کی لیباریٹری بند کردی گئی ہے اور وہاں تعینات تمام اہلکاروں کو ہٹا لیا گیا ہے ۔ انہوں نے اس بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی کہ لیباریٹری کتنے دن بند رہے گی ۔ حالانکہ اتنا ضرور کہا کہ اہلکاروں کی حفاظت کے پیش نظر عارضی طور پر یہ انتظام کیاجارہا ہے ۔ مارچ میں جنوبی گنی کے جنگلاتی علاقہ میں شروع ہونے والے ایبولا وائرس کی زد میں آنے سے1427افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں ، اور تقریباً2615لوگ اس سے متاثر ہیں۔ عالمی تنظیم صحت نے ایبولا وائرس سے سب سے زیادہ جنوبی افریقی ممالک سیرا لون، لائبریا ، گنی اور نائیجیریا میں اپنے تقریباً400طبی اہلکارمارچ سے تعینات کررکھے ہیں۔سیر الون میں بیماری کے سب سے زیادہ قہر کے پیش نظر ڈبلیو ایچ او نے باقاعدہ ایک لیباریٹری قائم کی تھی ۔
پیگ نے کہا کہ لیباریٹری میں ایبولا وائرس سے متاثر ہونے والا طبی اہلکار سنیگیل کا شہری ہے جس کا علاج کینیا کے ایک اسپتال میں کیاجارہا ہے ۔ جب تک کائلاہن کی لیباریٹری بند رہے گی اس وقت تک ایبولا سے متاثر تمام لوگوں کی جانچ کا کام اسی اسپتال کے لیباریٹری میں کیاجائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ وہ یہ بتانے کی حالت میں نہیں ہیں کہ کائلاہن لیباریٹری بند ہونے سے ایبولا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر اس علاقے پر اس کا کیا اثر پڑے گا ۔ دریں اثنا ڈبلیو ایچ او کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیباریٹری سے ہٹائے گئے تمام اہلکاروں کی طبی جانچ پوری کرنے کے بعد انہیں جلد ہی واپس بھیج دیاجائے گا ۔ لیباریٹری سے ہٹائے گئے تمام اہلکاروں کو فی الحال سیرا لون میں ہی دوسری جگہ رکھا گیا ہے جہاں سے اگلے ہفتے ان تمام لوگوں کو ڈبلیو ایچ او کے دوسرے دفتر میں بھیج دیا جائے گا۔

WHO Closes Ebola Lab In Sierra Leone

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں