مودی کے دورہ کے خلاف امریکہ میں درخواست - ایک لاکھ سے زائد دستخطیں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-15

مودی کے دورہ کے خلاف امریکہ میں درخواست - ایک لاکھ سے زائد دستخطیں

واشنگٹن
پی ٹی آئی
ہندوستانی وزیر اعظم نریندرمودی کے متوقع دورہ امریکہ کے خلاف صدر بارک اوباما کو دی جانے والی پٹیشن پر دستخط کرنے والوں کی تعداد ایک لاکھ سے بھی زائد ہوگئی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق مودی کے خلاف آن لائن مہم چلانے والے گروپ سکھ فارجسٹس(ایس ایف جے) نے کہا ہے کہ وائٹ ہاؤس کی طرف سے درخواست دینے کی20اگست کی ڈیڈ لائن سے ایک ہفتہ قبل ہی منگل کو درخواست پر ایک لاکھ سے بھی زائد افرادسے دستخطیں حاصل کی گئیں۔ درخواست میں امریکی صدرپر زور دیا گیا ہے کہ وہ ہندوستانی وزیر اعظم کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے سکھوں، مسلمانوں اور عیسائیوں کے خلاف پر تشدد واقعات کی سازش پر مودی کی مذمت کریں ۔ یہ درخواست وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر21جولائی کو آن لائن چلی گئی تھی ۔ ویب سائٹ پر دی گئی درخواست کا عنوان’’امریکی انتظامیہ ہندوستانی وزیر اعظم مودی کو امریکی دورہ کی دعوت منسوخ کرے‘‘ ہے ۔ واضح رہے کہ ایسی درخواست جس پر بڑی تعداد میں لوگوں کے دستخط ہوں، امریکی انتظامیہ اس کا سرکاری طور پر جواب دیتی ہے ۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ نریندر مودی2002ء میں گجرات کے مسلمانوں پر ظلم و تشدد اور مسلمانوں کی نسل کشی کے تعلق سے بدنام ہیں۔ دریں اثناء شہر نیویارک سے متعلق ادارہ سکھ فارجسٹس کے قانونی مشیر گورپت ونت سنگھ پنون نے کہا کہ اوباما انتظامیہ کی طرف سے 30ستمبر کو مودی کی میزبانی کئے جانے کی صورت میں عیسائیوں اور مسلمانوں کی مدد سے وائٹ ہاؤس کی طرف جانے والے راستے کو بطور احتجاج بند کردیا جائے گا ۔ ایس ایس جے نے الزام عائد کیا کہ مودی کے حمایتیوں نے پٹیشن پر دستخطوں کی تعدا د میں کمی کردی ہے نیز دستخطوں کی تعدا د میں کمی کے مقصد سے وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ کو بھی ہیک کرلیا گیا ۔ گرپت ونت سنگھ نے پی ٹی آئی کو روانہ کردہ ایک ای میل میں اس بات کی تردید کی کہ پٹیشن پر جعلی دستخطیں کی گئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ابتداء ہی سے یہ مہم شفاف انداز میں فیس بک پر چلائی جارہی ہے ۔ اور ہم نے اس سلسلہ میں قابل لحاظ رقم خرچ کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل شب وائٹ ہاؤس کی ویب سائٹ پر دستخظوں کی تعداد میں کمی کرتے ہوئے محض1,320ظاہر کیاگیا جب کہ ایک دن قبل ہی یہ تعداد زائد از ایک لاکھ بتائی گئی تھی۔ اس سلسلہ میں وائٹ ہاؤس کی جانب سے کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

Online petition urging US to cancel invitation to Modi crosses one lakh signatures

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں