یو این آئی
چیف منسٹر اتر پردیش اکھلیش یادو نے آج چودھری چرن سنگھ انٹر نیشنل ایر پورٹ کے قریب واقع حج ہاؤز سے عازمین حج کے پہلے قافلے کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔ بہر حال اتر پردیش کے وزیر اقلیتی بہبود محمد اعظم خان نے یہ دعویٰ کرتے ہوئے ہلچل مچادی کہ مرکز عازمین کو دی جانے والی سبسیڈی سے دستبرداری کی کوشش کررہا ہے ۔ چیف منسٹر نے عازمین کو اس مقدس سفر کے لئے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حکومت سماج میں نظم و ضبط کی برقراری کی پابند ہے جب کہ بعض لوگ فرقہ وارانہ کشیدگی پید اکرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے عازمین حج سے اپیل کی کہ وہ ملک ریاست اور سماج کی بھلائی و خوشحالی کے لئے دعا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ہر مذہب امن ، بھاری چارہ اور ہم آہنگی کا درس دیتا ہے لیکن بعض لوگ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ بعد ازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اعظم خان نے کہا کہ مرکزی حکومت جس نے لو جہاد کا مسئلہ اٹھایا ہے ، حج سبسیڈی سے دستبرداری پر غور کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سبسیڈی عازمین کی سیکوریٹی اور ان کے لئے انتظامات کی خاطر دی جاتی ہے لیکن اگر ایسے واقعات پیش آئیں تو یہ بد بختانہ ہوگا ۔
پی ٹی آئی کے بموجب جموں و کشمیر کے270عازمین حج پر مشتمل پہلا قافلہ آج یہاں سے راست پرواز کے ذریعہ سعودی عرب روانہ ہوا ۔ چیف منسٹر عمر عبداللہ نے ایر پورٹ پہنچ کر عازمین کو وداع کیا ۔ ایک سرکاری ترجمان نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے عازمین حج کی بہبود، کامیابی اور فریضہ حج کی بہ آسانی ادائیگی کی تمنا ظاہر کی ۔ اس موقع پر وزیر حج و اوقاف پیر زادہ محمد سعید اور ریاستی حج کمیٹی کے رکن شہباز غنی بھی موجود تھے ۔ یو این آئی کے بموجب 275عازمین حج سری نگر انٹر نیشنل ایر پورٹ سے مدینہ منورہ کے لئے روانہ ہوئے ۔ چیف منسٹر جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے انہیں وداع کیا ۔ جاریہ سال کے حج شیڈول کے مطابق سری نگر سے ایر پورٹ سے راست مدینہ منورہ کے لئے پروازیں چلائی جائیں گی ۔ آج صرف ایک پرواز روانہ ہوئی ، کل سے روزانہ 2پروازیں چلائی جائیں گی اور ہر پرواز میں275عازمین حج سفر کریں گے ۔ جاریہ سال ریاستی حج کمیٹی کے ذریعہ جملہ7007عازمین سعادت حج کے حصول کے لئے روانہ ہوں گے ۔ سری نگر کے حج ہاؤز میں عازمین کے قیام و طعام ، سامان کی جانچ پڑتال ، سیکوریٹی ، ٹیکہ اندازی ایمگریشن منظوری اور دیگر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ شناخت کی خاطر ہر مرد عازم حج کو ریاستی حج کمیٹی کے لوگوکی حامل جیکٹ اور خاتون عازم کو اسکارف فراہم کیا گیا ہے ۔
Uttar Pradesh and Kashmir haj pilgrims departure
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں