انگلینڈ کے وزیر توانائی کا دورہ مفخم جاہ کالج حیدرآباد - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-28

انگلینڈ کے وزیر توانائی کا دورہ مفخم جاہ کالج حیدرآباد

حیدرآباد
پی ٹی آئی/ منصف نیوز بیورو
برطانیہ کے وزیر توانائی اور تبدیلی ماحولیات ایڈورڈ ڈیوی نے آج مفخم جاہ کالج انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کا دورہ کرتے ہوئے طلباء سے ملاقات کرنے کی کوشش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں حصول تعلیم کے خواہاں ہندوستانی طلباء کو تعدا د پر کوئی پابند نہیں ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سال2013میں 84فیصد طلباء کی ویزا اور درخواستیں منظور کی گئیں ۔ ہمارے پاس کام کرنے کے قوانین بھی آسان ہیں جن کے تحت اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے طلباء بھی اپنی پڑھائی کے ساتھ کام جاری رکھ سکتے ہیں ۔ ڈگری سطح سے اوپر تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو چھٹیوں میں ہر ہفتہ20گھنٹے کام کرنے کی اجازت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سائنس اور ایجادات کے شعبہ میں برطانیہ اور ہندوستان کے درمیان سرماریہ کاری گزشتہ5برسوں کے دوران150ملن برٹش پاؤنڈ تک بڑھ گئی ہے ۔ اس طرح ہندوستان کے ساتھ باہمی تعاون کا شعبہ بھی تیز رفتاری کے ساتھ ترقی کررہا ہے ۔ نمائندہ منصف کے بموجب ایڈورڈ ڈیوی نے کہا کہ ہمارا ملک برطانیہ یہاں کے طلبہ کو تعلیمی اور ریسرچ شعبہ میں مہارت حاصل کرنے کے لئے سہولتیں فراہم کرے گا ۔ یہاں کے طلباء برطانیہ سے تعلیم کے شعبہ میں مہارت حاصل کرکے ہندوستان کی خدمت کرسکتے ہیں ۔ ایڈورڈ ڈیوی آج برٹش کونسل کے زیر اہتمام مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے سال آخر کے طلبہ کے لئے منعقد کردہ برطانیہ میں تعلیم کے مواقع سیمنار کو مخاطب کررہے تھے ۔ اس سیمنار میں ایڈورڈ ڈیوی نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ انہوں نے برطانیہ کی جانب سے انجینئرنگ کے طلبہ کو ان کے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ برٹش کونسل نے اسی سال ہندوستانی طلباء کے لئے370اسکالر شپ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ انہوں نے ہندستانی پوسٹ گریجویٹ طلبہ اور ریسرچ اسکالر کے لئے مختلف پروگرامس اور اسکیمات کا جائزہ پیش کیا اور بتایا کہ ہندوستان اوربرطانیہ کے درمیان طلبہ کے باہمی تبادلہ ، باصلاحیت طلباء کو برطانیہ میں حصول تعلیم کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ برطانوی وزیر نے کہا کہ ہندوستان اور برطانیہ کے باہمی تعلقات خوشگوار اور مستحکم ہیں ۔ نیشنل اسٹوڈنٹس سروے کے مطابق90فیصد پوسٹ گریجویٹ کی تعلیم حاصل کرنے والے طلباء کو برطانیہ میں مقیم ہیں وہ برطانیہ کے اعلیٰ معیار کی تعلیم سے مطمئن ہیں ۔ 86فیصد طلبہ نے اپنے متعلقہ کورسس پر طمانیت ظاہر کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے10ٹاپ میں4اعلیٰ معیار کی یونیورسٹیاں برطانیہ میں موجود ہیں ، جس میں یونیورسٹی آف کیمبرج ، یونیورسٹی کالج لندن، امپریل کالج لندن اور آکسفورڈ یونیورسٹی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ دنیا کے200بہترین یونیورسٹیوں میں سے بہترین30یونیورسٹیز برطانیہ میں موجود ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام خطوں سے طلبہ اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کیلئے برطانیہ کا رخ کرتے ہیں ۔ برطانیہ کے یونیورسٹیز کا تعلیمی معیار مستند اور اعلیٰ ہے ۔ کثیر ثقافتی تجربات اور خوشگوار ماحول کی بدولت یہ اقطاع عالم کے طلبہ کی دلچسپی کا مرکز ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ، تنوع اور تخلیقی صلاحیتوں کے لئے اپنی منفرد شناخت کی بدولت برطانوی یونیورسٹیز اور کالج سرکردہ ماہرین تعلیم اور صنعت کاروں کے لئے پسندیدہ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور برطانیہ کے درمیان سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبہ میں گزشتہ5برس میں150ملین پاؤنڈس کی مشترکہ سرمایہ کاری کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سائنس اور ٹکنالوجی کے شعبہ میں برطانیہ نے78نوبل انعامات حاصل کیے ہیں ۔ تحقیق اور دریافت کے شعبہ میں اس کی کاوشیں غیر معمولی ہیں۔ ڈی این اے اسٹراکچر تا ورلڈ وائڈ ویب اس کی مثال ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں تعلیم اول عظیم کثیر ثقافتی تجربہ ہے ۔ برطانیہ کی یونیورسٹیز میں200ممالک کے3لاکھ 30ہزار طلبہ تعلیم حاصل کررہے ہیں جن میں ہندوستانی طلباء کی تعداد25ہزار ہے ۔ صدر نشین سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائٹی و ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف خان لطیف محمد خان نے برطانوی وزیر برائے توانائی و تبدیلی ماحولیات ایڈورڈ ڈیوی ،برٹش ہائی کمشنر متعینہ ہندوستان انڈریومیک السٹر ، ڈائرکٹر ساؤتھ انڈیا برٹش کونسل می کیوی کو مومنٹو پیش کیے۔ اعزازی سکریٹری سلطان العلوم ایجوکیشن سوسائٹی ظفر جاوید نے خیر مقدمی تقریر کی اور ڈائریکٹر ساؤتھ انڈیا برٹش کونسل می کیوی نے شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر نائب صدر نشین سوسائٹی محمد ولی اللہ، خازن ڈاکٹر میر اکبر علی خان ، ڈائرکٹر ایم جے کالج ڈاکٹر شبیر احمد، پرنسپل ایم جے کالج ڈاکٹر فرحت اللہ، ایڈیٹر برٹش ریویو اسد مرزا کے علاوہ طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی ۔

UK Energy Minister Mr Edward Davey visited MJCET Hyderabad

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں