کشمیری مہاجرین کے لئے نیا پیکج زیر تیاری - راج ناتھ سنگھ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-12

کشمیری مہاجرین کے لئے نیا پیکج زیر تیاری - راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ماضی کے تجربات کو ذہن میں رکھتے ہوئے کشمیری مہاجرین کی واپسی اور باز آبادکاری کے لئے ایک نیا پیاکج نہایت احتیاط سے تیار کیاجارہا ہے اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت اور بے گھر افراد کے نمائندوں سے مشاورت کی جارہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ مرکز نے کشمیری مہاجرین کی واپسی اور باز آباد کاری کے لئے جاریہ سال کے بجٹ میں500کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔ بعد ازاں ریاستی حکومت کی جانب سے ایک تجویز موصول ہوئی جس میں مصارف کی حد کو بڑھا کر5820کروڑ روپے کرنے کی سفارش کی گئی ۔ راج ناتھ سنگھ نے تحریک توجہ دہانی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھے گی جب تک کہ کشمیری مہاجرین کی واپسی اور باز آبادکاری کو یقینی نہ بنائے ۔ انہوں نے پارلیمنٹ سے خواہش کی کہ وہ اس سلسلہ میں ایک قرارداد منظور کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جب بھی ہم کوئی وعدہ کرتے ہیں تو پوری طرح سوچ سمجھ کر اور یقین کے ساتھ کرتے ہیں۔ چاہے کوئی ہند ہو یا مسلمان، عیسائی ہو یا پارسی، کوئی بھی شخص خود اپنی سرزمین پر پناہ گزین نہیں رہے گا ۔ انہوں نے کشمیری مہاجرین کی واپسی اور باز آبادکاری کے لئے500کروڑ روپے کی گنجائش فراہم کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس اعلان کے بعد ریاستی حکومت کی جانب سے ایک تجویز موصول ہوئی جس میں مصارف کی حد کو بڑھا کر5820کروڑ روپے کرنے پر زور دیا گیا ہے ۔ اس تجویز میں2008میں معلنہ وزیر اعظم کے پیاکج پر نظر ثانی کرنے کی خواہش کی گئی ۔ را ج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ماضی کے تجربات کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ کشمیریوں کی واپسی اور باز آبادکاری کے لئے نیا پیاکج احتیاط سے تیار کیاجائے اور اس سلسلہ میں ریاستی حکومت اور مہاجرین کے نمائندوں کے ساتھ مشاورت کی جائے ۔

New package being worked out for Kashmiri migrants: Modi govt

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں