آئی اے این ایس
بہار اسمبلی کے 10حلقوں کے لئے منعقدہ ضمنی انتخابات میں6نشستوں پر آر جے ڈی ، کانگریس، جنتا دل یو اتحاد نے شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کو حیران کردیا جس کی زیر قیادت اتحاد نے صرف3ماہ قبل ہی لوک سبھا انتخابات میں زبردست کامیابی حاصل کی تھی ۔ آج انتخابی نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی بالخصوص دو جماعتوں جنتادل یو اور آر جے ڈی کے دفاتر پر جشن کے مناظر دیکھے گئے جب کہ اسی روڈ پر واقع بی جے پی کا دفتر سنسان پڑا تھا ۔ بی جے پی ے خلاف گئے ان نتائج میں آر جے ڈی کو 3نشستیں حاصل ہوئیں جب کہ اس کی نئی حلیف جنتادل یو کو 2حلقوں سے کامیابی ملی ۔ کانگریس نے23سال کے وقفہ کے بعد بھاگلپور کی نشست بی جے پی سے چھین لینے میں کامیابی حاصل کی ۔ آر جے ڈی نے حلقوں محی الدین نگر، راج نگر اور چھپرا سے کامیابی حاصل کی ۔ جنتادل یو نے جالے اور پربٹہ کی نشستیں جیت لیں۔ بی جے پی کو یقین تھا کہ وہ اپوزیشن کو کچل دے گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ بی جے پی کو10کے منجملہ 4حلقوں حاجی پور ، موہنیہ، نرکٹیا گنج اور بنکا نشستوں سے کامیابی ملی جب کہ اس کی حلیف لوک جن شکتی پارٹی(ایل جے پی) کا صفایا ہوگیا ۔2010میں منعقدہ گزشتہ اسمبلی انتخابات یں ان10نشستوں میں سے بی جے پی نے6، آر جے ڈی نے3اور جنتادل یو نے ایک نشست پر کامیابی حاصل کی تھی۔ گزشتہ21اگست کو منعقدہ ضمنی انتخابات بی جے پی، آر جے ڈی اور جنتادل کے لئے گویا’’اگنی پریکشا‘‘ تھے۔ آر جے ڈی اور جنتا دل یو گزشتہ مئی میں لوک سبھا انتخابات کے اعلان کے بعد ایک دوسرے سے قریب ہوئے ۔ یہ دونوں پارٹیاں گزشتہ 20برس سے ایک دوسرے سے علیحدہ تھیں ۔ بعد میں کانگریس، اس اتحاد میں شامل ہوگئی تاکہ بی جے پی، ایل جے پی اتحاد کامقابلہ کیاجائے۔ آر جے ڈی لیڈر اشوک کمار سنہا نے بتایا کہ نئے اتحاد کی کامیابی سے پتہ چلتا ہے کہ’’لالو اور نتیش کا جادو چل گیا ہے ۔‘‘
یہاں یہ تذکرہ بے جا نہ ہوگا کہ گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ناکامی کے بعد نتیش کمار نے چیف منسٹر بہار کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیا تھا ۔ جتن رام مانجھی کی زیر قیادت ایک نئی جنتادل یو حکومت نے کے سابق حریف آر جے ڈی کی تائید سے اقتدار سنبھالا۔ سنہا نے فخر کے ساتھ کہا کہ’’مودی کا اثر ناکام ہوگیا ہے‘‘۔ جنتادل یو لیڈر سنجے سنگھ نے کہا کہ نتائج سے ثابت ہوگیا ہے کہ لالو پرساد اور نتیش کمار کا اتحاد صحیح تھا ۔ حالیہ عام انتخابات کے بعد اور آئندہ سال بہار میں ہونے والے اسمبی انتخابات سے قبل یہ پہلی بڑی سیاسی آزمائش تھی ۔ آر جے ڈی۔ جنتادل یو ، کانگریس اتحاد کو کامیابی ملی ہے ۔ اسی دوران بہار میں بی جے پی قائدین دل شکستہ دیکھے گئے لیکن انہوں نے جرات کے ساتھ بیان دیا۔ بی جے پی کے لیڈر سید شاہنواز حسین نے ضمنی انتخابات میں پارٹی کے ناقص مظاہرہ کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرلی ۔ تاہم پارٹی ترجمان ونود نارائنن جھا نے کہا کہ ان نتائج کا کوئی اثر آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات پر نہیں پڑے گا ۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کہا گیا ہے کہ کانگریس کے امیدوار اجیت شرما نے حلقہ بھاگلپور سے بی جے پی امیدوار نبھئے چودھری کو 8ہزار ووٹوں کی اکثریت سے ہرایا ۔ یہ ضمنی انتخاب، سابق وزیر اشونی کمار چوبے کے استعفیٰ کے سبب منعقد کی اگیا۔ چوبے حلقہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کے ٹکٹ پر حلقہ بکسر سے منتخب ہوئے ہیں ۔ صدر پردیش کانگریس اشوک چودھری نے کہا کہ ’’کانگریس کے لئے یہ ایک بڑی کامیابی ہے ۔ بی جے پی اس نشست پر1990سے کامیاب ہوتی آرہی تھی ۔ بھاگلپور ، ایک شہری مرکز ہے جو بی جے پی کا گڑھ سمجھاجاتا تھا۔
پٹنہ سے پی ٹی آئی کی علیحدہ اطلاع کے بموجب قائد جنتا دل یو نتیش کمار نے بہار اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں ’’سیکولر اتحاد‘‘ کی کامیابی اور بی جے پی کو جیت سے روک دئیے جان پر آج فخرو مسرت کا اظہار کیاہے اور اسے ’’تجربہ‘‘ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی جماعتوں نے نشستوں کی تقسیم پر بہتر انداز میں غور کیا ہوتا تو نتائج اور بھی بہتر ہوتے۔ نتیش کمار نے اخبار نویسوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ’’ہم نے اتحاد کے ذریعہ جو تجربہ کیا ہے وہ کامیاب ثابت ہوا ۔ عوام نے اس اتھاد کے حق میں اپنی فکر اور مزاج کا اظہار کیا ہے ۔
پٹنہ سے پی ٹی آئی کی ایک اور اطلاع کے بموجب بہار اسمبلی کے ضمنی انتخابات کے نتائج کو قبول کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر سشیل کار مودی نے آج کہا ہے کہ ان کی پارٹی (نتائج کا) جائزہ لے گی اور آئندہ سال بہار اسمبلی کے ہونے والے انتخابات میں کامیابی کے لئے اپنی کوششوں میں ترمیم ،اصلاح کرے گی ۔ کمار مودی نے ٹوئٹس پیامات میں کہا ہے کہ’’ہم یہ فیصلہ قبول کرتے ہیں۔ تاہم ایسا معلوم ہورہا تھا کہ وہ آر جے ڈی ، جنتادل یو کانگریس حریف اتحاد کے شاندار مظاہرہ سے بے پرواہ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان سال حال انتخابات میں اسکور1-1سے مساوی رہا۔ ہم نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی ، انہوں نے (سیکولر اتحاد) نے اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس طرح یہ 1-1سے مساوی ہے ۔
Lalu-Nitish Alliance Makes Major Gains in Bihar By-Polls
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں