ہند و پاک سرحد لڑائی بندی - ہندوستانی فوج کا مناسب جواب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-22

ہند و پاک سرحد لڑائی بندی - ہندوستانی فوج کا مناسب جواب

نئی دہلی
پی ٹی آئی
وزیر دفاع ارون جیٹلی نے آج کہا کہ ہندوستانی فوج سرحد پر پاکستان کی جانب سے لڑائی بندی کی خلاف ورزی کا مناسب جواب دے رہی ہے ۔ انہوں نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ جب بھی لڑائی بندی کی خلاف ورزی وہتی ہے ، سرحد پر تعینات ہمارے سپاہی اس کا مناسب جواب دیتے ہیں۔ مرکزی وزیر سے یہاں ٹورازم منسٹرس کی ایک کانفرنس کے وقفوں کے دوران لڑائی بندی کی خلاف ورزی کے بارے میں سوال کیا گیا تھا ۔ پاکستانی فوج نے ہند۔ پاک سرحد پر گزشتہ 10دنوں کے دوران12مرتبہ لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی ہے۔ ہندوستان نے25اگست کو مقررہ معتمدین خارجہ کی بات چیت منسوخ کردی ہے اور پاکستان سے صاف صاف کہہ دیا ہے کہ وہ یا تو ہند۔ پاک کے درمیان مذاکرات کا انتخاب کرے یا پھر علیحدگی پسندوں سے میل جول رکھے ۔ اسی دوران جموں سے موصولہ یواین آئی کی اطلاع کے مطابق48گھنٹوں سے بھی کم عرصہ میں پاکستان نے جموں و کشمیر کے ضؒ ع پونچھ میں خط قبضہ پر ہندوستانی چوکیوں پر زبردست فائرنگ کرتے ہوئے ایک بارپھر لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی ہے ۔
ایک سرکاری ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ پاکستان نے کل رات دیر گئے ضلع پونچھ کے ہمیر پور علاقہ میں چھوٹے اور خود کار اسلحہ سے فائرنگ کرتے ہوئے 2مرتبہ لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی ۔ یہ واقعہ48گھنٹوں سے بھی کم عرصہ میں پیش آیا ۔ انہوں نے کہا کہ فائرنگ کا سلسلہ تقریباًٍ9:30بجے شروع ہوا ۔ ہماری فوج نے مماثل اسلحہ سے مناسب جواب دیا ۔ سرکاری ترجمان نے مزید کہا کہ فائرنگ کا سلسلہ وقفہ وقفہ سے ساری رات جاری رہا۔ لیکن کسی نقصان ، کسی کے زخمی ہونے یا ہلاکت کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔ قبل ازیں منگل کی رات پاکستانی فوج نے ضلع پونچھ میں سرحدی چوکیوں پر فائرنگ کرتے ہوئے لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی تھی اور ہندوستانی فوج کو جواب دینے پر مجبور ہونا پڑا تھا ۔ گزشتہ10دنوں کے دوران پاکستانی فوج نے ہند۔ پاک سرحد پر11مرتبہ لڑائی بندی کی خلاف ورزی کی اور جاریہ ماہ کے دوران ایسے13واقعات پیش آئے ۔ 17اور18اگست کی درمیانی رات پاکستان فوج نے رات بھر مورنارشل برسائے اور20ہندوستانی سرحدی چوکیوں کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کی ۔ یہ واقعہ ضلع جموں کے ارنیہ اور آر ایس پورہ سب سیکٹر میں پیش آیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں