فلسطین پر ہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-22

فلسطین پر ہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں - سشما سوراج

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر خارجہ سشما سوراج نے مغربی ایشیاء سے لے کر عرب میڈیا تک کے تعلق سے نئی حکومت کی مجموعی پالیسی کی اجمالی طور پر عکاسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی کاز کی، پرزور تائید کرنے کے ، ہندوستان کے موقف میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے اور اسرائیل کے ساتھ بھی اچھے تعلقات برقرار ہیں ۔ وزیر خارجہ نے مغربی ایشیاء میں مابعد بہار عرب حالات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی وضاحت کردی کہ ہندوستان، عرب ممالک کے داخلی معاملت میں مداخلت نہیں کرے گا ۔ تاہم اس کو جنون پسندی ، انتہا پسندی اور دہشت گردی میں اضافہ پر تشویش ہے ۔ مذکورہ اضافہ کے سبب علاقائی استحکام متاثر ہوا ہے اور ان ممالک کے سماجی تانے بانے بکھرگئے ہیں ۔ سشما سوراج نے انڈیا۔ عرب لیگ میڈیا سمپوزیم کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کو غزہ میں کثیر تعداد میں شہریوں کی جانوں کے اتلاف پر گہری تشویش ہے ۔ انہوں نے اس بات کا نوٹ لیا کہ جاریہ اسرائیل۔ غزہ تصادم پر ہندوستان کے موقف کے تعلق سے مختلف میڈیا میں’’متضاد تاویلات ‘‘ کی گئی ہیں ۔ وزیر خارجہ ہند نے وضاحت کی کہ ایسے حساس مسئلہ پر الجھن یا غلط فہمی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔’’مجھے پھر ایک بار یہ اعادہ کرنے اور اس بات کی اہمیت پر روشنی ڈالنے دیجئے کہ فلسطینی کاز کے لئے ہندوستان کی پرزور تائید کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی ہے جب کہ اسرائیل کے ساتھ اچھے تعلقات برقرار ہیں ۔ ہم نے دونوں فریقین سے اپیل کی ہے وہ حد درجہ صبرو تحمل سے کام لیں اور مسئلہ فلسطین کے جامع تصفیہ کے لئے کام کریں۔‘‘
انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ، علاقائی اور باہمی سطحوں پر فلسطینی کاز کے لئے پرزور سیاسی تائید کے علاوہ ہندوستان، فلسطین اور اس کے عوام کے لئے بجٹ کے ذریعہ معاشی اور ترقیاتی سطح پر امداد فراہم کررہا ہے ۔ حکومت ہند ، مغربی ایشیاء کے تمام ممالک کے ساتھ باہمی فائدہ کے لئے تعلقات کو فروغ دینے کی پابند ہے ۔ اس امر کو ممکن بنانے کے لئے ہمیں ایک دوسرے کے موقف اور حساسیت کو سمجھنے کی دانشمندانہ کوشش کرنی چاہئے ۔ چیلنج اور مختلف عرب ممالک میں جاریہ تبدیلیوں کے اس دور میں تعمیری مذاکرات کی جو شدیدضرورت ہے ، پہلے کبھی نہیں تھی ۔ ’’ہندوستان مابعد بہار عرب واقعات پر قریبی نظر رکھے ہوئے ہے اور عدم مداخلت کے اصولوں پر کار بند ہے ۔‘‘ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان کسی بھی تائید کی فراہمی کے لئے تیار ہے لیکن اس بات پر یقین کامل رکھتا ہے کہ عرب ممالک کا کام ہے کہ وہ اپنی منزل کے بارے میں کسی خارجی مداخلت یا اشاروں کے بغیر، خود فیصلہ کریں۔ اپنی تقریر کی ابتداء میں سشما سوراج نے عالم عرب سے اپنی حکومت کے بڑھتے ہوئے تعلقات کو باقی رکھنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ یہ تہذیبی تعلقات صدیوں پرانے ہیں۔ ہندوستان، مغربی ایشیا کو اپنے توسیع شدہ پڑوس کا اہم حصہ سمجھتا ہے ۔ مغربی ایشیا کا علاقہ ، کئی طریقوں سے ہمارے قومی مفاد کے لئے اہم ہے۔ ہندوستان کے تیل اور گیس کی ضروریات کے زائد از60فیصد حصہ کی تکمیل مذکورہ علاقہ سے ہوتی ہے ۔

Sushma Swaraj reaffirms support to Palestinian cause

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں