ہندوستان میں خواتین کے ساتھ جنسی تشدد - ہارورڈ یونیورسٹی میں سیمینار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-29

ہندوستان میں خواتین کے ساتھ جنسی تشدد - ہارورڈ یونیورسٹی میں سیمینار

میسا چوسٹس(امریکہ)
یو این آئی
ہندوستان میں خواتین کے ساتھ پیش آرہے جنسی تشدد کے واقعات پر امریکہ کی ہارورڈ یونیورسٹی میں سخت تشویش کااظہار کیا گیا اور اسے روکنے کے لئے معاشرہ کو آگے آنے نیز کالجس و اسکولس کے نصاب پر خصوصی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔ ہارورڈ یونیورسٹی کے ریڈ کلف انسٹی ٹیوٹ آف ایڈوانس اسٹڈی کے زیر اہتمام منعقدہ2روزہ سیمنار میں دانشوروں نے اس تشویش کااظہار کیا ۔ 26اور27اگست کو منعقدہ اس سیمنار میں ہندوستان کی نمائندگی فروغ انسانی وسائل کی وزارت سے وابستہ پروفیسر رشمی سنہا نے کی۔ انہوں نے اپنے تحقیقی نوٹ میں ہندوستان میں جنسی تشدد میں اضافہ پر سخت تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ معاشرہ میں خواتین کو با اختیار بناکر ہی اس مسئلہ سے نجات حاصل کی جاسکتی ہے ، اس کے علاوہ تعلیمی میدان میں صنفی امتیازات کو بھی ختم کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مسئلہ کو سلجھانے کے لئے دیہی علاقوں میں خواتین میں بیداری پیدا کرنے والے پروگرام کے انعقاد کے علاوہ مقامی طبقات کو بھی اس مہم میں شامل کرنا ضروری ہے ، ساتھ ہی بچوں کے علاوہ نوجوانوں اور بوڑھوں کو بھی اس مہم میں شامل کر کے جنسی تشدد کے خلاف ماحول بنانے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کے لئے کستور باگاندھی اسکولس میں بچیوں نیز اساتذہ کوبااختیار بنانا ضروری ہے تاکہ وہ کسی بھی طرح کے جنسی تشدد کا سامنا کرسکیں نیز اسکولس میں ایسی فضا قائم ہو جس سے لڑکیاں بے خوف ہوکر تعلیم حاصل کرسکیں ۔ سیمینار کی کنوینر اور ہارورڈ اسکول آف پبلک ہیلت کی ریسرچ ڈائرکٹر جیکلن بھابھا نے زور دے کر کہا کہ ہمیں اس بات پر توجہ دینی چاہئے کہ اسکولس سے باہر معاشرہ اور خاندان میں خواتین سے متعلق کسی طرح کے نظریات فروغ پارہے ہیں ۔ اس کے علاوہ حکومت کی طرف سے تشکیل پانے والی پالیسیوں اور پروگرامس میں بھی صنفی امتیازات کو ختم کرنے نیز خواتین کو بااختیار بنانے پر توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے ۔

Understanding India's rape crisis, Harvard University Seminar

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں