حیدرآباد لبریشن ڈے سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ - تلنگانہ بی جے پی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-08-26

حیدرآباد لبریشن ڈے سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ - تلنگانہ بی جے پی

حیدرآباد
یو این آئی
تلنگانہ بی جے پی نے آج ریاستی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ17ستمبر کو یوم آزادی حیدرآباد کے طور پر منایا جائے کیوں کہ حیدرآباد کو17ستمبر 1948کو نظام کی حکمرانی سے نجات حاصل ہوئی تھی اور ایک سال قبل ہی ہندستان کو انگریزوں سے آزادی ملی تھی ۔ بی جے پی کی قومی کونسل کے رکن اور سابق مرکزی وزیر ودیا ساگر راؤ نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ نے اپنے حالیہ دورہ میں کہا تھا کہ بی جے پی کے کارکن17ستمبر کو یوم آزادی حیدرآباد کا بڑے پیمانے پر اہتمام کریں ۔ ودیا ساگر راؤ نے ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ یوم آزادی حیدرآباد کا سرکاری طور پر اہتمام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب حیدرآباد اسٹیٹ کو آزادی ملی اور اسے انڈین یونین میں ضم کردیا گیا تو حیدرآباد اسٹیٹ کے 5اضلاع مہاراشٹرا اور 4اضلاع کرناٹک کے حوالے کردئیے گئے جہاں آج حیدرآباد کے مجاہدین آزادی کی قربانیوں اور ان کے رول کویاد کرتے ہوئے دونوں ریاستوں کی حکومتیں17ستمبر کو حیدرآباد لبریشن ڈے کا سرکاری طور پر اہتمام کرتی ہیں۔ یہ2001سے کیاجارہا ہے ۔ ودیا ساگر راؤ نے کہا بی جے پی 1998سے یہاں کی لگاتار ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کرتی آرہی ہے کہ17ستمبر کو یوم آزادی حیدرآباد کا سرکاری طور پر اہتمام کیاجائے لیکن کسی بھی حکومت نے ہمارے مطالبہ کی تعمیل نہیں کی۔ اب جب کہ تلنگانہ عوام کا خواب علیحدہ ریاست کی تشکیل کے ذریعہ پورا ہوچکا ہے تو ٹی آر ایس حکومت کو چاہئے کہ وہ17ستمبر کو سرکاری طور پر حیدرآباد لبریشن ڈے کا اہتمام کرے ۔ بی جے پی کے مطالبہ پر تنقیدوں کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ودیا ساگر راؤ نے واضح کیا کہ یہ مسلمانوں کے خلاف ہندوؤں کی فتح نہیں ہے ۔ نظام کے خلاف تحریک میں تمام مذاہب ہندو۔ مسلم اور عیسائیت کے ماننے والوں نے حصہ لیا تھا۔

Celebrate Sept 17 as Hyderabad Liberation Day, demands Telangana BJP

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں