سارک ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے مودی کے اقدامات کی ستائش - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-18

سارک ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے مودی کے اقدامات کی ستائش

واشنگٹن
پی ٹی آئی
امریکہ کے اعلی عہدیداروں ممتاز ماہرین امورجنوبی اشیاء اور ارکان امریکی کانگریس نے سارک ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے اقدامات کی ستائش کی ہے اور کہا ہے کہ مودی نے ہندوستان کے پڑوسیوں بشمول پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم مصمم کا اظہار کیا ہے ۔ اسسٹنٹ سکریٹری آف اسٹیٹ برائے امورجنوبی و وسطی ایشیاء منیشا دیسائی بسوال نے امریکی کانگریس سے خطاب کرتیہوئے کہا کہ جب وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اور سارک ممالک کے قائدین کومدعو کیا تو انہوں نے (مودی نے) اس علاقہ کے ساتھ ہندوستان کے ساتھ تعلقات کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم مصمم کا اظہار کیا ۔ یہ ہندوستان کے لئے اور اس علاقہ کے لئے خوشخبری ہے ونیز عالمی استحکام کیلئے بہت فائدہ بخش ہے ۔ بسوال نے کہا کہ ہندوستان کے لئے یہ ایک موقع ہے کہ وہ سارے پڑوسیوں کواپنے ساتھ لے کر چلے ۔ تجارت کوفروغ دیتے ہوئے اور سارے جنوبی ایشیاء و نیز علاقہ خلیج بنگال میں ارتباط کو بڑھاوا دیتے ہوئے امن و خوشحالی کو وسعت دے ۔ ’’ہندوستان یوروپ ، امریکہ اور مشرق وسطی سے تجارت کرتا ہے جو ہندوستان کے قریبی جنوبی ایشیائی پڑوسی ممالک کے ساتھ جاری تجارت سے زیادہ ہے ۔ عالمی معیشت کی سطح پر اس کو ایک بے قاعدگی متصور کیاجاسکتا ہے ۔ ہندوستان اپنے جنوبی ایشیائی ممالک اوربر اعظم ایشیا کے مابقی ممالک کے مابین نیٹ ورک ارتباط کی صورت گری کرتے ہوئے مذکورہ بے قاعدگی کے ازالہ میں مدد دے سکتا ہے۔
’’امریکہ سارک کے استحکام کے لئے ہندوستانی کی نئی حکومت کی کوششوں کا خیر مقدم کرتا ہے ۔ ہمیں یہ دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی کہ وزیر خارجہ ہند سشما سوراج نے گزشتہ ماہ کے اواخر میں اپنا پہلا سرکاری بیرونی دورہ بنگلہ دیش کا کیا۔ اوباما نظم و نسق کے ایک سابق عہدیدار وکرم سنگھ نے کہا کہ جہاں تک بین الاقوامی امور کا تعلق ہے ، مودی نے مثبت اقدامات کئے ہیں جن کا آغاز ہندوستان کے تمام پڑوسی ممالک بشمول پاکستان کو اپنی (مودی)تقریب حلف برداری میں دعوت دینا تھا ۔ سنگھ نے کہا کہ ’’ہم‘‘ میانمار سے لے کر جاپان اور آسٹریلیا تک کے ممالک کے ساتھ تعلقات کے استحکام کے لئے ہندوستان کے ساتھ مل کر کام کرسکیں گے ۔ امکان ہے کہ مودی ، چین کے ساتھ ایک پیداواری حرکیات کے خواہاں ہوں گے ۔ (وکرم سنگھ ، بحالت موجودہ نیشنل سیکورٹی اینڈ انٹر نیشنل پالیسی سنٹر برائے امریکی ارتقاء کے نائب صدر ہیں) سابق سفیر امریکہ برائے ہند فرینک جی وزنر نے اس بات کا نوٹ لیا ہے کہ مودی نے وزیر اعظم پاکستان کے ساتھ مذاکرات شروع کئے ہیں ۔ وہ (مودی) اور انکے رفقاء امریکی ثالثی نہیں چاہتے ہیں اور نہ ہی راست طور پر کسی کا ملوث ہونا چاہتے ہیں ۔ ہندوستان کا خیال ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ پیشرفت کے لئے اپنے طور پر راستہ تلاش کرسکتا ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں