مہاراشٹرا سدن واقعہ پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-25

مہاراشٹرا سدن واقعہ پر راجیہ سبھا میں ہنگامہ

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے آج کہا ہے کہ وہ مہاراشٹرا سدن میں شیو سینا ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے ایک مسلم ملازم روزہ دار کو زبردستی روٹی کھلائے جانے کے واقعہ پر کل اپنا بیان دے گی ۔ کانگریس، سماج وادی پارٹی اور بائیں بازو کے ارکان نے آج راجیہ سبھا میں اس مسئلہ کو پیش کرتے ہوئے کہا کہ24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی حکومت اس واقعہ پر خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے کہا کہ اگرچہ ارکان پارلیمنٹ اس واقعہ میں ملوث ہے۔ یہ ایک ھساس مسئلہ ہے اور سنگین معاملہ بھی۔ کرسی صدارت کی جانب سے کل مملکتی وزیر امور پارلیمان سے کہا گیا کہ وہ اس معاملہ پر حقائق پیش کریں ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ ہم حقائق جمع کررہے ہیں ۔ مکمل تفصیلات حاصل کرنے کے بعد ہی بیان دیں گے ۔ اس پر اپوزیشن بنچوں نے زبردست شور شرابہ کیا اور کہا کہ حکومت اس مسئلہ پر لب کشائی کرنے سے گریز کررہی ہے ۔ سی پی ایم کے سیتا رام یچوری نے کہا کہ24گھنٹے گزرنے کے بعد بھی حکومت نے اس پر کوئی بیان نہیں دیا ہے جب کہ اس نے اس مسئلہ پر بیان دینے کا تیقن دیا تھا ۔ کانگریس کے ستیہ ورت چتر ویدی نے کہا کہ حکومت اندھی اور بہری ہوگئی ہے ۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ کل تک اس مسئلہ پر حکومت بیان دینے کی کوشش کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ عام بجٹ پر بحث کو جاری رکھنا چاہئے۔ کانگریس کے آنند شرما نے کہا کہ یہ ایک سنگین معاملہ ہے اور حکومت کو بیان دینا ضروری ہے۔ یچوری جاننا چاہتے تھے کہ کیا حکومت نے حقائق جمع کرلئے ہیں۔

Uproar in Rajya Sabha over Maharashtra Sadan row

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں