رمضان کے تحفہ کے طور پر ہندوستانیوں کو رہا کیا جائے - سشما سوراج - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-25

رمضان کے تحفہ کے طور پر ہندوستانیوں کو رہا کیا جائے - سشما سوراج

نئی دہلی
پی ٹی آئی
حکومت نے41ہندوستانیوں کے گزشتہ45دن سے عراق میں محصور ہونے کے پیش نظر آج کہا کہ پارلیمنٹ کو ان کے اغوا کاروں سے اپیل کرنی چاہئے کہ وہ آئندہ ہفتہ عید سے پہلے انہیں رمضان کے تحفہ کے طور پر رہا کردیں ۔ وزیر خارجہ سشما سوراج نے پارلیمنٹ میں یہ تجویز پیش کی اور اس طرح اسلامی انتہا پسندوں کو ایک پیام دینے کی کوشش کی کہ ہندوستان نے ایک ماہ قبل امریکیوں کا ساتھ دینے اور عراق کومسلح افواج روانہ کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ انہوں نے عراق کی صورتحال پر تحریک توجہ دہانی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ رمضان کا مقدس مہینہ جاری ہے ۔ ایوان کو ان لوگوں سے جنہوں نے اکتالیس ہندوستانیوں کو اپنی تحویل میں رکھا ہے یہ اپیل کرنی چاہئے کہ وہ انہیں رمضان کے خصوصی تحفہ کی حیثیت سے عید سے پہلے رہا کردیں ۔ سشما سوراج نے کہا کہ ہندوستان کے عراق کے ساتھ بہت اچھے اور تاریخی تعلقات ہیں۔ اس بات کی یاددہانی کرائی جانی چاہئے کہ اسی ایوان نے کئی سال پہلے ایک قرارداد منظور کی تھی اور ہم نے اپنی مسلح افواج عراق کو روانہ نہیں کی تھیں۔ بہر حال ایوان میں کوئی قرار داد منظور نہیں کی جائے گی ۔ کیونکہ کانگریس رکن سی کے وینو گوپال ، آر ایس پی کے این کے پریما چندرن اور عام آدمی پارٹی کے دھرم ویر گاندھی کی جانب سے پیش کی گئی تحریک پر سشما سوراج کا جواب ختم ہونے کے ساتھ ہی اسپیکر سمترا مہاجن نے ایجنڈہ میں شامل دوسرا مسئلہ اٹھایا ۔ سشما سوراج نے کہا کہ عراق میں پھنسے ہوئے اکتالیس ہندوستانیوں میں اکتیس کا تعلق پنجاب ، چار کا تعلق ہماچل اور چار کا تعلق اتر پردیش سے ہے جب کہ دو افراد مغربی بنگال سے تعلق رکھتے ہیں۔

Sushma Swaraj appeals to Iraqi captors to release Indians as Eid gift

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں