پولاورم بل راجیہ سبھا میں بھی منظور - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-15

پولاورم بل راجیہ سبھا میں بھی منظور

نئی دہلی
آئی اے این ایس
تلنگانہ کے سات منڈلوں کی آندھرا پردیش کو منتقلی کے لئے لوک سبھا میں منظورہ بل آج راجیہ سبھا میں بھی منظور کرلیا گیا ۔ اے پی میں پولا ورم پراجکٹ کی تعمیر میں تمام رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے تلنگانہ کے ضلع کھمم کے سات منڈلوں کو اے پی منتقل کردیا گیا ہے جس کے لئے پہلے ایک آرڈیننس جاری کیا گیا اور اس کے بعد لوک سبھا میں آندھرا پردیش کی تنظیم جدید ترمیمی بل پیش کرتے ہوئے قانون سازی کی گئی ۔ لوک سبھا میں بل کی پیشکشی کے موقع پر ٹی آر ایس اور بیچو جنتادل کے ارکان نے زبردست ہنگامہ آرائی کی تھی ۔ قانون سازی کے ذریعہ ضلع کھمم کے سات منڈلوں کے136مواضعات اور 211چھوٹے رہائشی علاقے اے پی کو منتقل کردیے گئے ہیں ۔ یہ منڈل اب ضلع مشرقی گوداوری کا حصہ ہوں گے ۔ راجیہ سبھا میں بھی بل کی منظوری کے ساتھ ہی پولا ورم ہمہ مقصدی آبپاشی پراجکٹ کی تعمیر کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور ہوگئی ہیں اور مرکزی حکومت نے متاثرین کو تیقن دیا ہے کہ ان کی باد آباد کاری کے لئے تمام تر اقدامات روبہ عمل لائے جائیں گے ۔ واضح ہو کہ پراجکٹ کی تعمیر سے اضلاع کھمم اور مشرقی و مغربی گوداوری کے50ہزار خاندان متاثر ہوں گے اور انہیں دوسری جگہ بسانا پڑے گا ۔ پڑوسی ریاستوں اڈیشہ اور چھتیس گڑھ کے200خاندان بھی متاثر ہورہے ہیں ۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے راجیہ سبھا میں اس مسئلہ پرمباحث کا جواب دیتے ہوئے تیقن دیا کہ حکومت نے پولا ورم بل کی پیشکشی اور منظوری کے سلسلہ میں کوئی دستوری قاعدے کی خلاف ورزی نہیں کی ہے ۔

بھوینیشور سے پی ٹی آئی کی ایک علیحدہ اطلاع کے بموجب ، پولا ورم ڈیام کے متنازعہ مسئلہ پر آج اڈیشہ اسمبلی کے اندر اور اس کے باہر بر سر اقتدار بی جے ڈی کے ارکان اسمبلی نے ایوان کی کاروائیوں میں خلل پیدا کیا اور ان کے پارٹی رفقاء 4جنوبی اضلاع میں12گھنٹہ کی ہڑتال کا اہتمام کیا ہے ۔ سرکاری بنچ کے ارکان ڈیام پراجکٹ کی منسوخی کا مطالبہ کررہے ہیں، جس پر ایک بل گزشتہ ہفتہ پارلیمنٹ میں منظور ہوچکا ہے ۔ جے ڈی یو ارکان ایوان کے وسط میں پہنچ گئے ۔ جیسے ہی وقفہ سوالات کے لئے ایوان کی کارروائی شروع ہوئی جب وہ نعرے لگانے جاری رکھے ہوئے تھے تو اسپیکر نرنجن پجاری نے ایوان کو 3بجے سہ پہر تک ملتوی کردیا جس کی وجہ سے بی جے ڈی ارکان اسمبلی عمارات میں مہاتما گاندھی کے مجسمہ کے رو برو ایک دھرنے پر بیٹھ گئے اور پولا ورم پراجکٹ پر پیش قدمی کے مرکز کے یکطرفہ فیصلہ کے خلاف احتجاج کیا۔ انہوں نے لوک سبھا میں آندھرا پردیش کی تشکیل جدید بل کی منظوری کے لئے بی جے پی کی زیر قیادت این ڈی اے حکومت پر بھی تنقید کی جس کی وجہ سے پولا ورم پراجکٹ کے تعمیر کے لئے راہ ہموار ہوگئی۔ بعد ازاں بی جے ڈی کے ایک وفد نے جو وزراء پر مشتمل تھا گورنر ایس سی جامیر کے توسط سے صدر جمہوریہ پرنب مکرجی کوایک یادداشت پیش کی۔ اپوزیشن کانگریس کے نرسنگ مشرا ، بی جے پی مقننہ پارٹی کے لیڈڑ بسنت پندا کہا کہ سرکاری بنچ کے ارکان کی جانب سے ایوان کی کارروائیوں میں خلل قابل مذمت ہے ۔ یہ اس لئے کیا گیا کہ اپوزیشن پارٹی کی جانب سے لائی جانے والی ایک تحریک التوا پر بحث سے احتراز کیا جائے ۔ ایوان کی کارروائی کو3بجے سہ پہرتک ملتوی کرنے کی ضرورت نہیں تھی ۔ بی جے ڈی کے کارکنوں نے مرکزی حکومت کے مختلف دفاتر کے روبرو دھرنا منظم کیا اور کوراپٹ ، ملکا نگیری ، رایا گڈا اور نباررنگ پور میں ریلوے پٹریوں اور سڑکوں کومسدود کردیا۔ پارٹی کے پولا ورم پراجکٹ کے خلاف12گھنٹہ کی ہڑتال کی وجہ سے معمول کی زندگی شدید متاثر ہوئی۔ نبارنگ پور ، کوراپٹ ، ملکا نگیری اور رایاگڈا اضلاع میں سڑک رابطہ مسدود ہوگیا جب کہ کاروباری ادارے بھی برسر اقتدار پارٹی کی اپیل پر12گھنٹہ کی ہڑتال کی وجہ سے بند رہے ۔

Polavaram Bill Passed in Rajya Sabha too

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں