اسرائیلی جارحیت کے خلاف کشمیر میں احتجاج مسلسل جاری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-15

اسرائیلی جارحیت کے خلاف کشمیر میں احتجاج مسلسل جاری

سری نگر
یو این آئی
اسرائیل کے غزہ پر حملوں کے خلاف وادی کشمیر کے مختلف مقامات پر بشمول گرمائی دارالحکومت سری نگر میں زبردست احتجاجی ریالیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔، غزہ پٹی پر اسرائیل کے فضائی اور زمینی حملوں میں تا حال180سے زیادہ فلسطینی ہلاک ہوئے ہیں ۔، کشمیر میں گزشتہ جمعہ سے احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے ۔ سری نگر کے تاریخی لال چوک میں واقع گھنٹہ گھر کے سامنے آج سینکڑوں طلبا نے غزہ پٹی پر اسرائیلی حملوں کے خلاف زور دار احتجاج درج کیا۔ ان طلباء کا تعلق سری نگر کے کئی تعلیمی اداروں سے تھا جنہوں نے پہلے پریس کالونی اور بعد میں تاریخی گھنٹہ گھر کے پاس اسرائیلی حملوں کے خلاف زبردست مظاہرہ کیا ۔ طلباء فلسطین حامی اور اسرائیل مخالف نعرے لگارہے تھے ۔ گھنٹہ گھر کے سامنے احتجاج درج کرنے کے بعد طلباء نے امیرا کدال اور جہانگیر چوک تک احتجاجی مارچ کیا ۔ بعد ازاں طلباء کو پولیس نے ریگل چوک کے پاس منتشر کیا۔ سری نگر میں ہی کالج برائے خواتین میں بھی احتجاج منظم کیا گیا جس میں شامل طالبات نے غزہ کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور اسرائیل مخالف نعرے لگائے ۔، اس دوران کچھ طلبہ نے سری نگر کے سونہ وار علاقہ میں واقع اقوام متحدہ دفتر کے سامنے احتجاج درج کیا ۔ قبل ازیں جمعہ کے روز کشمیر یونیورسٹی طلباء نے احتجاجی ریلی منظم کی اور اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ پٹی پر حملوں کے خلاف زوردار احتجا ج درج کیا وہیں اب وادی کے اضلاع میں ڈگری کالج و اسکولی طلباء احتجاجی مظاہرے منظم کررہے ہیں ۔ شمالی کشمیر کے قصبہ سوپور میں طلباء و طالبات نے ڈگری کالج سوپور سے ایک احتجاجی ریلی نکالی۔ جنوبی، شمالی اور وسطی کشمیر سے لگاتار طلباء کی جانب سے مظاہروں کی خبریں موصول ہورہی ہیں ۔، ہفتہ کو جنوبی کشمیر کے قصبہ شوپیان میں سینکڑوں طلباء سڑکوں پر نمودار ہوتے ہوئے زور دار احتجاجی مظاہرہ درج کیا ۔ طلباء اسرائیل اور امریکہ کے خلاف نعرہ بازی کررہے تھے ۔ طلباء نے اقوام متحدہ اور مغربی ممالک پر اسرائیلی جارحیت کی حمایت کرنے کا الزام عائد کیا ۔ طلباء نے مسلم ممالک حکمرانوں کی خاموشی پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وسائل اور طاقت کی موجودگی کے باوجود وہ ٹس سے مس نہیں ہورے ہیں۔ طلباء کے ساتھ ساتھ صحافیوں نے بھی سری نگر اور وادی کے دوسرے بڑے قصبوں میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج درج کیا۔ سرکاری ملازمین نے اسرائیلی حملوں کے خلاف پریس کالونی میں احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ احتجاجی ملازمین کی قیادت ایمپلائزجوائنٹ ایکشن کمیٹی صدر عبدالقیوم وانی کررہے تھے۔ اگرچہ ملازمین نے اقوام متحدہ دفتر کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس نے انکو آگے جانے سے روکا اور کئی ایک ملازمین کو حراست میں لے لیا۔

anti-Israel protests continue in Kashmir

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں