شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم کے کاموں کا جلد آغاز - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-15

شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم کے کاموں کا جلد آغاز

حیدرآباد
یو این آئی
جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے پی کے سریواستو نے آج کہا کہ ملٹی موڈل ٹرانسپورٹ سسٹم( ایم ایم ٹی ایس) پراجکٹ مرحلہ دوم کے کاموں کا اسی ماہ جلد آغاز عمل میں آئے گا ۔ دونوں شہر حیدرآباد و سکندرآباد میں اس پراجکٹ مرحلہ دوم کی تفصیلات کا انکشاف کرتے ہوئے پی کے سریواستو نے بتایا کہ یہ باوقار پراجکٹ ایک مشترکہ وینچر کے حوالہ کیا گیا ہے جنہوں نے چند دن قبل ہی ریل وکاس لمٹیڈ کے ہاں اپنی کارکردگی ضمانت رقم جمع کرادی ہے ۔ اس طرح پراجکٹ کے تعمیری کاموں کے آغاز کی راہ ہموار ہوگئی جس کاکافی طویل عرصہ سے انتظار کیا جارہا تھا ۔ پی کے سریواستو نے زور دیا کہ ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم کے تعمیر ی کاموں کے آغاز میں مزید تاخیر نہیں ہونی چاہئے کیونکہ یہ پراجکٹ دونوں شہروں میں ریلوے انفراسٹر کچر کومستحکم بنانے کے سلسلہ میں کافی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے ریل وکاس لمٹیڈ اور ڈیویژنل ریلوے، زونل ریلوے حکام کے درمیان بہتر تال میل کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ پراجکٹ کے تعمیری کام تیز رفتاری سے انجام دیے جاسکیں ۔ انہوں نے اس پراجکٹ کے ذمہ دار عہدیداروں کوہدایت دی کہ تعمیری کاموں کی وقتاً فوقتاً اعلی سطحی جانچ کی جانی چاہئے اور اس بات کا بھی جائزہ لیاجانا چاہئے کہ شیڈول کے مطابق تعمیری کام جاری ہے یا نہیں ۔ پراجکٹ کی جملہ لات817کروڑ روپے بتائی جاتی ہے جس کے منجملہ دو تہائی اخراجات ریاستی حکومت براشت کرے گی ۔ فلک نما تا شمس آباد براہ عمدہ نگر راہداری کے سوا تمام کوریڈورس پر تعمیری کاموں کاآغاز کردیاجائے گا۔ ان کاموں کو تین مختلف پیاکیجوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ان پر یکساں عمل آوری ہوگی۔ ایک مرتبہ جب یہ پراجکٹ مکمل ہوجائے گا تو مضافاتی ٹرین خدمات کی تعداد میں اضافہ ہوجائے گا اور موجودہ سکندر آباد ریلوے کامپلیکس پر مسافرین کا جو بوجھ ہے وہ بھی کم ہوجائے گا ۔ ایم ایم ٹی ایس مرحلہ دوم پراجکٹ کے علاوہ ریل وکاس نگم لمٹیڈ کئی بڑے ریلوے انفراسٹرکچر کاموں کی بھی ذمہ داری پوری کررہا ہے جن میں وجئے واڑہ ، گڑی واڑی، مچھلی پٹنم ۔ بھیما ورم ، نرسا پور ، نیڈاڈوولو ، تنال۔ گنٹور سیکشن کے درمیان ٹریک ڈبلنگ اور گتی۔ دھرما ورم اور واڑی ۔ رائچور سیکشن کے درمیان برقیانے کے کام بھی شامل ہیں۔ جنرل منیجر ساؤتھ سنٹرل ریلوے نے ان تمام کاموں کی شروعات پر بھی زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سے ریلوے کی صلاحیتوں کو مزید استحکام ملے اور وہ مسافرین کو بہتر سے بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بناسکے گا۔

MMTS phase two works soon

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں