نواز شریف مودی کی طرف یکطرفہ جھکاؤ کا مظاہرہ نہ کریں - حزب المجاہدین سربراہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-15

نواز شریف مودی کی طرف یکطرفہ جھکاؤ کا مظاہرہ نہ کریں - حزب المجاہدین سربراہ

اسلام آباد
آئی اے این ایس
کشمیری مجاہدین کے ایک لیڈر نے وزیر اعظم پاکستان نواز شریف سے کہا ہے کہ وہ اپنے ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کی طرف یکطرفہ جھکاؤ کا مظاہرہ نہ کریں ۔ یونائیٹیڈ جہاد کونسل کے صدر نشین سید صلاح الدین نے اتوار کو ایک جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کو کشمیری عوام کی قربانیوں کا لحاظ کرتے ہوئے اپنے حساسات کااظہار کرنا چاہئے ۔ مودی کی طرف ان کے یکطرفہ جھکاؤ اور خطوط وساڑھیوں کے تبادلہ سے کشمیری عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور ان کے کاز میں رکاوٹ پیدا ہوئی ہے ۔ پاک مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں یہ جلسہ21کشمیریوں کی قربانیوں کی یاد منانے کے لئے منعقد کیا گیا تھا جنہیں1931میں سری نگر کی سنٹرل جیل کے باہر مطلق العنان ڈوگرا حکومت کی فوج نے ہلاک کردیا تھا۔ اخبار ڈان آن لائن نے یہ اطلاع دی ہے ۔ یونائیٹیڈ جہاد کونسل زائد از ایک درجن عسکریت پسند تنظیموں کا مجموعہ ہے جو کشمیر کے دوسرے حصہ میں حکومت ہند کے خلاف جدو جہد کررہے ہیں۔ صلاحالدین نے جوحزب المجاہدین کے سالار اعلیٰ بھی ہیں، نواز شریف سے کہا کہ وہ ایسا کوئی فیصلہ نہ کریں جس سے کشمیریوں کی قربانیاں ضائع ہوجائیں ۔ انہوں نے زور دے کرکہا کہ تنازعہ کے ایک فریق کی حیثیت سے پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد کے لئے مادی امداد فراہم کرنے کا قانونی طور پر پابند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر القاعدہ ، طالبان یا ملک کی کوئی اور تنظیم مظالم کا شکار کشمیریوں کی طرف مدد کا ہاتھ بڑھاتی ہے تو ہم اس کا خیر مقدم کریں گے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہندوستانی فوج نے کشمیر میں دہشت پھیلا رکھی ہے اور وہاں چھ ہزار بے نام و نشان قبریں پائی جاتی ہیں ۔ ہلاکتیں ، خواتین کی عصمت ریزی اور آتشزنی کے روز مرہ پیش آنے والے واقعات اس کا ثبوت ہیں۔ یونائٹیڈ جہاد کونسل کے سربراہ نے کہا کہ کشمیر کا ہندوستان سے کوئی گہرا تعلق نہیں ۔ سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کے دوران مودی کے حالیہ دورہ نے ایک بار پھر یہ بات ثابت کردی ہے ۔

Pak PM asked to avoid a tilt towards Indian counterpart

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں