بجلی کے مسئلے پر دہلی لیفٹننٹ گورنر مرکزی وزارت توانائی میں طلب - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-07-15

بجلی کے مسئلے پر دہلی لیفٹننٹ گورنر مرکزی وزارت توانائی میں طلب

نئی دہلی
ایس این بی
قومی راجدھانی دہلی میں بجلی کی کٹوتی اور بجلی کے بڑھتے بل اور بجلی کمپنیوں کی من مانی کی بی جے پی لیڈروں کی شکایت کے مد نظر وزیر توانائی پیوش گوئل نے آج لیفٹنینٹ گورنر نجیب جنگ کو طلب کیا ۔ اس دوران انہوں نے ایل جی کو صاف ہدایت دی کہ بجلی کمپنیوں کی من مانی پر روک لگائیں اور بجلی کی فراہمی کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے عوام کو بجلی بل میں مل رہی سبسڈی کو جاری رکھنے کے لئے بجٹ میں انتظام کیا جائے ۔ دہلی کے بی جے پی لیڈروں نے دہلی میں بجلی کی کمی اور بجلی کمپنیوں کی من مانی کی شکایت مرکزی وزیر پیوش گوئل سے کی تھی جس پر گوئل نے پیرکو ایل جی نجیب جنگ سمیت دہلی کے چیف سیکریٹری توانائی کے سکریٹری اور بجلی کمپنیوں کے نمائندوں کو اپنے دفتر میں طلب کر کے ان کے ساتھ اس معاملے پر بحث کی ۔ اس دوران ایم پی رمیش ودھوڑی، بی جے پی کے ریاستی صدر ستیش اپادھیائے اور ممبر اسمبلی جگدیش مکھی بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں موجود مذکورہ بی جے پی لیڈروں نے توانائی کے وزیر کو بتایاکہ پہلے بجلی بلوں میں سبسڈی دی جارہی تھی لیکن اب بند کردی گئی ہے اس لئے بجلی سبسڈی کو آگے بھی جاری رکھاجانا چاہئے۔ بجلی کمپنیوں کا آڈٹ کرنے کا معاملہ بھی اس اجلاس میں اٹھا۔ ذرائع کے مطابق ایل جی نے توانائی کے وزیر کو بتایا کہ آڈٹ کرنے میں بجلی کمپنیاں تعاون نہیں کررہی ہیں ۔ اس بارے میں جب کمپنیوں کے نمائندوں سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ ان کے پاس کمپنیوں کے گزشتہ8سال کے ہی کھاتے ہیں ، اس سے قبل کے اکاؤنٹ ان کے پاس نہیں ہیں ۔ توانائی کے وزیر گوئل نے واضح کیا کہ بجلی کمپنیاں من مانی نہ کریں اور آڈٹ کے لئے اپنے کاؤنٹ دستیاب کرائیں ۔ انہوں نے ایل جی کو ہدایت کی کہ بجلی کمپنیوں کی من مانی روکنے کے لئے ضروری کارروائی کریں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں