ریل کرایوں میں 14 فیصد اضافہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-21

ریل کرایوں میں 14 فیصد اضافہ

rail-fare-hiked-14-percent
غریبوں کی حکومت ہونے کے وعدے کے ساتھ اقتدار سنبھالنے والی نریندر مودی حکومت نے اپنے پہلے ریل بجٹ سے دو ہفتہ قبل ہی آج مسافرکرایوں میں 14.2فیصداور مال برداری شرحوں میں6.4فیصد کا اضافہ کردیا اور یومیہ پاسنجر ٹرینوں کے سیزن ٹکٹ کی شرحیں دوگنا سے زیادہ کردی ہیں۔ ریل کرایوں اور مال برداری شرحوں میں یہ اضافہ ایف اے سی کو ملاکر کیا گیا ہے ۔ نئی شرحیں25جون سے نافذ ہوں گی ۔ خیال رہے کہ16مئی کو لوک سبھا انتخابات کے نتائج آنے کے بعد شام کو کرایوں اور مال برداری شرحوں میں اضافہ کا اعلان ہوا تھا لیکن اس کے چند ہی گھنٹے بعد اس وقت کے ریلوے وزیر ملک ارجن کھرگے کی ہدایت پر اسے واپس لے لیا گیا۔ ریلوے کے وزیر ڈی پی سدانند گوڑانے آج یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ انہوں نے تو محض سابقہ حکومت کے حکم پر لگائی گئی روک ہٹائی ہے ۔ ریلوے نے مسافر گاڑیوں کے تمام زمروں میں یکساں 10فیصد کرایہ بڑھانے اور ایف اے سی کی مد میں4.2فیصد کے اضافے کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس طرح مسافر کرایوں میں14.2فیصد کا اضافہ کردیا گیا ہے، حالانکہ ریزرویشن چارج، سپر فارسٹ چارج سمیت دیگر چارجوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔ اس طرح مال برداری شرحوں میں یکساں5فیصد اور ایف اے سی کے مد میں1.4فیصداضافہ کیا گیا ہے ۔ اس طرح مجموعی طور پر 6.4فیصد کااضافہ ہوگا ۔یومیہ پاسنجروں کے ماہانہ سیزن ٹکٹ کی شرحوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے ۔ ماہانہ سیزن ٹکٹ کی شرحیں اب تقریباً دوگنا ہوجائیں گی ۔ ریلوے کے مطابق سہ ماہی سیزن ٹکٹ ، ششماہی سیزن ٹکٹ ، اور سالانہ سیزن ٹکٹ کی شرحوں میں بھی اضافہ کردیاگیا ہے ۔ جب کہ مغربی ریلوے اور وسطی ریلوے کو وینڈرسیزن ٹکٹ اور ٹفن باسکٹ ٹکٹ کی شرحوں میں اضافہ کرنے کا اختیار دیاگیا ہے ۔ ریلوے کے سابق وزیر اور بہار کے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے بجٹ سے قبل ریلوے کرائے میں اضافہ کو غلط روایت اور مہنگائی بڑھانے والا قدم قرار دیا اور کہا کہ یہ اچھے دن کا آغاز تو کسی صورت میں نہیں ہے ۔

Ahead of Budget, rail fare hiked 14%

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں