مسلمانوں کو احساس عدم تحفظ سے باہر نکالنا حکومت کی ترجیح - مختار عباس نقوی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-21

مسلمانوں کو احساس عدم تحفظ سے باہر نکالنا حکومت کی ترجیح - مختار عباس نقوی

نئی دہلی
یو این آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جتنا پارٹی کی مرکزی حکومت ملک کے عوام کی بہبود اور ترقی کے لئے جو اقدامات کررہی ہے، اس کا فائدہ بغیر کسی تفریق کے ملک کے تمام طبقات کے لوگوں کو یکساں طور پر پہنچے گا کیونکہ مہنگائی اور بیروزگاری دور کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ بی جے پی کے قومی نائب صدر مختار عباس نقوی نے آج یہاں یو این آئی سے بات چیت میں ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ مسلمانوں کو بھی حکومت کی فلاحی اسکیموں سے یکساں فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سلامتی اور احساس تحفظ کا معاملہ بھی اہم ہے۔ ہر وقت یہ ڈر نہیں لگا رہنا چاہئے کہ کب دہشت گردی کا الزام لگ جائے ۔ اس ماحول کو بدلنے کی ضرورت ہے اور اس تبدیلی کے لئے حکومت نے سب کو قومی دھارے میں ساتھ لے کر چلنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس نے اب تک یہی احساس دلایا ہے کہ مسلمان ملک کے دوسرے درجے کے شہری ہیں جب کہ بی جے پی کی یہ واضح پالیسی ہے کہ تمام طبقات کے لوگوں کی طرح مسلمان بھی ملک کے برابر کے شہری ہیں اور ملک کے آئین میں انہیں یکساں حقوق دئیے گئے ہیں۔ مہاراشٹر میں حالیہ فرقہ وارانہ کشیدگی کے سلسلے میں مسٹر نقوی نے کہا کہ لوک سبھا کے حالیہ انتخابات میں اپنی شرمناک شکست کے بعد کانگریس خود احتسابی کرنے کی بجائے تذبذب کا شکار ہوگئی ہے یہی وجہ ہے جن ریاستوں میں کانگیس کی حکومت ہے وہاں اس کی گرفت کمزور ہوتی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ کشیدگی پیدا کرنے میں سوشل میڈیا کا بھی اثر نظر آرہا ہے ، جس کا بیجا استعمال کرکے افواہیں پھیلا کر ملک کے بعض حصوں میں فرقہ وارانہ طور پر ماحول کشیدہ بنایاجارہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا منفی استعمال کرنے والے ناپسندیدہ عناصر کی شناخت کر کے ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے لئے ایک ایسا جامع نظام بنائے جانے کی ضرورت ہے جس کے نفاذ کے بعد اس کے منفی استعمال میڈیا کا افواہیں پھیلانے کی بجائے صرف مثبت استعمال ہی ممکن بنایا جاسکے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں