پرانے شہر کی خبریں - #oldcityHyd news ۔ 06-jun-2014 - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-06

پرانے شہر کی خبریں - #oldcityHyd news ۔ 06-jun-2014


hyderabad old city news - حیدرآباد پرانے شہر کی خبریں
2014-june-06

اعتماد نیوز
سڑک حادثہ میں ہلاک جواں سال عالم دین مولانا حافظ عرفان کی نماز جنازہ آج بعد نماز فجر جامعہ نظامیہ کے احاطہ میں ادا کی گئی ۔ مولانا مفتی محمد عظیم الدین صدر مفتی جامعہ نظامیہ نے نماز جنازہ پڑھائی اور دعا کی ۔ نماز جنازہ میں مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجامعہ ، مولانا محمد خواجہ شریف شیخ الحدیث ، مولانا مفتی حافظ سید ضیاء الدین نقشبندی شیخ الفقہ ، مولانا میر لطافت علی شیخ التفسیر ، جامعہ نظامیہ کے دیگر شیوخ اساتذہ ، طلبہ کے علاوہ حافط محمد مظفر حسین خان قادری بندی نوازی اور عوام کی کثیر تعداد شریک تھی ۔ مرحوم کے جسد خاکی کو شمس آباد ایر پورٹ سے بذریعہ طیارہ صبح10:30بجےء کولکتہ لیجایا گیا ۔ مولانا مفتی خلیل احمد شیخ الجماعہ کی ہدایت پر مولانا سید شاہ نعمت اللہ قادر ی مودب جامعہ نظامیہ اور مولانا محمد انوار احمد قادری نائب شیخ التفسیر جامعہ نظامیہ نے نوجوان عالم دین کی میت کو کولکتہ کے موتی جھیل محلہ میں واقع ان کے مکان کو پہنچایا ۔ نوجوان عالم دین کی میت کو کولکتہ میں ان کے گھر پہنچنے پر اس علاقہ میں کہرام مچ گیا ۔ مسجد موتی جھیل میں حافظ قرآن کی دعا مغفرت کے لئے اجتماع منعقد ہوا ۔ بعد نماز عصر کولکتہ کے محلہ گوبرا نمبر2قبرستان میں مولانا حافظ عرفان کی تدفین عمل میں آئی ۔ نوجوان عالم دین کے والد کا حال ہی میں انتقال ہوا تھا۔ پسماندگان میں والدہ کے علاوہ چھوٹے3بھائی، اور2بہنیں شامل ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق کولکتہ سے تعلق رکھنے والے جامعہ نظامیہ کے فارغ التحصیل جواں سال26سالہ عالم دین مولانا حافظ عرفان ایک ملٹی نیشنل کمپنی میں ملازم تھے ۔ وہ اپنے گھر کی کفالت کا واحد ذریعہ تھے ۔، کل صبح وہ حیدرآباد میں اپنے جائے مقام دودھ باولی سے موٹر سائیکل پر آفس جارہے تھے کہ معظم جاہی مارکٹ چوراہے کے قریب10:30بجے انہیں ایک تیز رفتار گاڑی نے ٹکر دے دی ۔ حادثہ میں وہ شدید زخمی ہوگئے تھے۔ انہیں علاج کے لئے فوری طورپر کیر ہا سپٹل اس کے بعد عثمانیہ جنرل ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکے ۔ رات دیر گئے جناب احمد پاشا قادری نے خصوصی انتظامات کرواتے ہوئے میت کو پوسٹ مارٹم کروایا۔ رات3:30بجے تک جناب احمد پاشا قادری عثمانیہ دواخانہ میں موجودتھے ۔ بعد نماز فجر جامعہ نظامیہ میں نماز جنازہ اور میت کو ایر پورٹ پہنچانے کے موقع پر علماء و نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھے۔

اعتماد نیوز
شعبہ حفظ میں زیر تعلیم علاقہ سعیدآباد سے مغویہ کمسن لڑکا آج صبح کی اولین ساعتوں میں شدید زخمی حالت میں پایا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق قاضی عظمت اللہ جعفری ساکن ماریڈ پلی کے فرزند12سالہ صوفی محمد محتشم سفیان ، سعیدآباد میں واقع مدرسہ فیض العلوم میں شعبہ حفظ میں زیر تعلیم ہے ۔کل دوپہر کھانے کے وقفہ کے دوران اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مدرسہ سے باہر نکلے تھے۔ بعد ازاں پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے ۔ ان کے ساتھی الطاف نے یہ بتایا تھا کہ وہ دونوں سموسے لینے کے لئے گئے تھے کہ اچانک دو موٹر سائیکلوں پر سوار افراد وہاں پہونچے اور انہوں نے تلگو زبان میں ہلز گراؤنڈ کا پتہ پوچھنے کے بعد ان دونوں کو جبراً اپنی گاڑیوں پر سوار کروالیا ۔ الطاف کے مطابق وہ کسی طرح ان کے چنگل سے بچ نکلنے میں کامیاب ہوگئے جبکہ اغوا کنندگان محتشم کو اپنے ساتھ لے گئے ۔ اس واقعہ کے بعد سعید آباد اور ملک پیٹ پولیس کی جانب سے مقدمہ درج کرنے میں حدود کا بہانہ کرتے ہوئے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جارہا تھا۔ مجلسی رکن اسمبلی جناب احمد بلعلہ رات دیر گئے ملک پیٹ پولیس اسٹیشن پہنچے اور لڑکے کے اغوا کی شکایت درج کروائی ۔ ان کے ہمراہ مجلسی کارپوریٹر سید منہاج الدین بھی تھے۔ انسپکٹر ملک پیٹ کے مطابق آج صبح کی اولین ساعتوں میں محتشم ممتاز کالج کے عقبی سمت واقع جھاڑیوں میں خون میں لت پت بے ہوش پائے گئے ان کے سر اور چہرے پر زخموں کے نشان ہیں انہیں کسی نے پتھر سے حملہ کر کے زخمی کردیا ۔ پولیس نے زخمی کو علاج کے لئے خانگی ہاسپٹل میں شریک کروادیا جہاں ان کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے پولیس اس معاملہ کی مختلف زاویوں سے تحقیقات کررہی ہے ۔ الطاف سے بھی پولس نے پوچھ تاچھ کی۔


Hyderabad news, old city news, hyderabad deccan old city news, news of old city

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں