مسجد شاہجہانی پٹودی ہاؤس کا انتظام وقف بورڈ نے اپنے ہاتھ میں لیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-22

مسجد شاہجہانی پٹودی ہاؤس کا انتظام وقف بورڈ نے اپنے ہاتھ میں لیا

نئی دہلی
ایس این بی
دہلی وقف بورڈ نے اہل علاقہ اور نمازیوں کے شدید مطالبہ کے بعد پٹودی ہاؤس دریا گنج واقع مسجد شاہجہانی کے انتظامات اپنے ہاتھ میں لے لئے۔ اس مسجد کے تعلق سے کافی عرصہ سے تنازع چل رہا تھا اور مسجد کی اراضی پر ناجائز قبضہ اور تعمیرات کے الزامات بھی عائد کئے جارہے تھے۔ اتنا ہی نہیں اس مسجد کا انتظام دیکھنے والی کمیٹی نے گزشتہ8ماہ سے بجلی کا بل تک ادا نہیں کیا تھا جس کے بعد مسجد کا کنکشن تک کٹنے کی نوبت آگئی تھی ، جس کی وجہ سے نمازیوں میں شدید ناراضگی تھی۔مسجد شاہجہانی کے تعلق سے اس وقت نمازیوں میں بے چینی پھیل گئی تھی جب14جون کو بجلی کمپنی کے اہل کار مسجد کا بجلی کنکشن کاٹنے پہنچ گئے تھے۔ مسجد پر20690روپے کا بل واجب الادا ہے ۔ جس کی وجہ سے بجلی کمپنی نے یہ قدم اٹھایا۔ مسجد کے نمازیوں کی شدید مخالفت کے بعد بجلی کمپنی کا عملہ دو دن کی مہلت دے کر واپس چلا گیا تھا۔ اس کے بعد18جون کو درجن سے زیادہ افراد نے دہلی وقف بورڈ کو تحریری طور پر تمام صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے مسجد کا انتظام خود اپنے ہاتھ میں لے لینے کی درخواست کی تھی ۔ اہل علاقہ اور نمازیوں نے تحریری طور پر وقف بورڈ کے سامنے مسجد کے دیگر مسائل بھی رکھے ۔ نمازیوں کا کہنا ہے کہ مسجد کا دروازہ اور بیت الخلاء انتہائی خستہ حالت میں ہے اور کسی بھی وقت کوئی حادثہ پیش آسکتا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ اس کے بارے میں کمیٹی کے ذمہ داران نے بار بار کہنے کے باوجود کوئی قدم نہیں اٹھایا۔ نمازیوں نے اس بات پر بھی اعتراض کیا کہ مسجد کے حوض میں جو فوارہ لگایاگیا ہے اس پر تصاویر بنی ہوئی ہیں جن کا مسجد میں ہونا درست نہیں ہے ۔ اس جانب بھی ذمہ داران کی توجہ دلائی گئی لیکن انہوں نے کوئی توجہ نہیں دی ۔ نمازیوں کا کہنا ہے کہ مسجد کے ارد گرد ہر وقت کوڑے اور گندگی کے ڈھیر لگے رہتے ہیں جس سے آنے جانے والوں کو سخت پریشانی ہوتی ہے، علاوہ ازیں اس مسجد کے تقریباً15نمازیوں نے ا پنے دستخطوں کے ساتھ وقف بورڈ کو درخواست دے کر شکایت درج کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ مسجد میں رمضان المبارک کے موقع پر قرآن سنانے کا پہلا حق مسجد کے امام کا ہے لیکن یہاں باہر کے لوگ قابض ہیں جب کہ مسجد کے امام مولانا عبداللہ اور موذن محمد معاذ دونوں ہی حافظ قرآن ہیں ۔ یہ دونوں مصلے پر قرآن سنانے کے حقدار ہیں لہذا مسجد کے موذن محمد معاذ کو رمضان میں قرآن سنانے کی اجازت دی جائے تاکہ مسجد کے مستقل نمازی قرآن سننے کے لئے ادھر اُدھر کی مساجد میں نہ جائیں دہلی وقف بورڈ نے اہل علاقہ اور نمازیوں کی درخواستوں کے پیش نظر مسجد کے انتظامات کو فوری طور پر اپنے ہاتھ میں لیتے ہوئے موذن محمد معاذ کو رمضان میں قرآن سنانے کی اجازت دے دی ہے۔ اس کے علاوہ نگراں مساجد حافظ محفوظ محمد نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بجلی کا بل وقف بورڈ جلد ہی جمع کرائے گا اور مسجد کے بیت الخلاء اور دروازہ کو درست کرانے کے لئے قدم اٹھائے جائیں گے ۔ وقف بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ اب مسجد میں کوئی کمیٹی نہیں ہے اور تمام انتظامات خود بورڈ دیکھے گا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں