یوروپی عوام کی زندگی میں مذہب کی اہمیت نہیں رہی - آن لائن سروے رپورٹ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

یوروپی عوام کی زندگی میں مذہب کی اہمیت نہیں رہی - آن لائن سروے رپورٹ

یوروپ کی زندگی میں مذہب تقریباً کوئی کردار ادا نہیں کرتا ۔ یوروپی ممالک میں واحد استثنیٰ پولینڈ ہے جہاں ہر تیسرے شہری کے لئے اس کا مذہب انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ یہ بات ایک نئے آن لائن جائزہ میں آج سامنے آئی۔ اس سروے میں یوروپی شہریوں سے دیگر امور کے علاوہ یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ ان کے لئے اہم ترین اقدار اور آئیڈیلز کیا ہیں؟ اس سوال کا جواب مختلف ملکوں میں کافی متنوع رہا ۔ جرمن رائے دہنگان نے سب سے زیادہ اہمیت آزادی، امن اور انصاف کو دی۔ فرانسیسی شہریوں نے انصاف اور یکجہتی کو اپنے لئے اعلیٰ ترین اقدار قرار دیا جس کے بعد تیسرے اور چوتھے نمبر پر ماحول اور تعلیم کو اہمیت دی گئی۔ پولینڈ میں رائے دہندگان کی اکثریت نے کہا کہ ان کے لئے خاندان دنیا کی اہم ترین حقیقت ہے ۔ خاندان کے بعد اہم ترین مرکزی اقدار کے طور پر پہلے آزادی اور پھر حب الوطنی کا نام لیا گیا ۔ جائزہ کے مطابق پہلی عالمی جنگ کے آغاز کے100سال بعد مختلف یوروپی ملکوں کے باشندوں میں آج اپنے وطن کے لئے جان دینے پر آمادگی ماضی کے مقابلے میں کافی کم ہوچکی ہے ۔ جرمن دارالحکومت برلن سے موصولہ رپورٹس کے مطابق ماضی کے مقابلہ میں یوروپی باشندے آج اس بات پر کم آمادہ نظر آتے ہیں کہ ضرورت پڑنے پر اپنے اپنے وطن کے لئے اپنی جانوں کو خطرہ مین ڈالیں۔ اس یوروپی جائزہ کے نتائج تو برلن میں جاری کئے گئے لیکن اس میں جرمن ٹیلی ویژن چیانل اے آرڈی اور جرمن نشریاتی ادارے ڈوئچ لینڈ ریڈیو کے ساتھ ساتھ ریڈیو فرانس کے علاوہ بلیجیم ،آسٹریا، سوئٹزر لینڈ ، پولینڈ اور رومانیہ کے نشریاتی اداروں نے بھی حصہ لیا ۔ اس یوروپی سروے کے دوران متعلقہ ملکوں میں اوسطاً 20فیصد رائے دہندگان ایسے تھے جنہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پر وہ اپنے وطن کے لئے جان قربان کرنے پر بھی تیار ہوں گے ۔ پولینڈ واحد یوروپی ملک تھا جہاں50فیصد شہریوں نے کہا کہ اگر ان کے وطن کو ضرورت پڑی تو وہ اپنے ملک کی خاطر جان دینے سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔ تقریباً تمام ممالک کے رائے دہندگان میں یہ رجحان سب سے زیادہ دیکھنے میں آیاکہ وہ اپنے خاندان کے لئے اپنی جان تک قربان کرنے پر تیار ہیں ۔ اپنی رائے کا اظہار کرنے والے تقریباً نصف یوروپی باشندوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے اصولوں اور آئیڈیلز کے لئے اپنی جان داؤ پر لگانے پر بھی تیار ہوں گے ۔ اس جائزہ کے نتیجہ میں سامنے آنے والی ایک اور بات یہ تھی کہ تقریباً سبھی ملکوں میں اکثر یوروپی باشندوں کی زندگی میں مذہب کا کردارنہ ہونے کے برابر ہے ۔ ان ملکوں میں واحد استثنیٰ پولینڈ تھا جہاں ہر تیسرے شہری کا کہنا تھا کہ اس کے لئے اس کا مذہب انتہائی اہمیت کاحامل ہے ۔ ی یوروپی جائزہ جرمن فرانسیسی ریڈیو کمیشن کا ایک مشترکہ منصوبہ تھا جس کے لئے مختلف ممالک میں20ہزار سے زائد شہریوں کی تفصیلی رائے لی گئی۔ اس جائزہ کا مرکزی موضوع تھا’’ آپ کس کے لئے اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے یا جان کی قربانی تک دینے پر تیار ہوں گے‘‘۔ صرف20فیصد افراد نے وطن کے لئے جان دینے پر رضامندی کا اظہار کیا۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں