چین کے وزیر خارجہ کا آئیندہ ہفتہ دورۂ ہند - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

چین کے وزیر خارجہ کا آئیندہ ہفتہ دورۂ ہند

وزیر اعظم نریندر مودی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد چین کے وزیر خارجہ دونوں ممالک کے مابین پہلی اعلیٰ سطحی میٹنگ کے لئے آئندہ ہفتہ ہندوستان کا دورہ کریں گے ۔ چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان ہانگ لی نے بتایاکہ وزیر خارجہ وانگ ای اپنے صدر ژی جن پنگ کے خصوصی ایلچی کی حیثیت سے اتوار کو دو روزہ دورہ پر ہندوستان آرہے ہیں ۔ ہانگ نے کہا کہ وانگ ، ہندوستانی حکام سے ملاقات کریں گے جن میں ملک کے نئے وزیر خارجہ شامل ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایجنڈہ پر ابھی کام چل رہا ہے ، ایسے موقع پر وہ یہ نہیں کہہ سکتے کہ وانگ، مودی سے بھی ملاقات کریں گے ۔ مودی نے گزشتہ ماہ چینی صدر کو ہندوستان کے دورہ کی دعوت دی تھی جس کا مقصد تجارت اور علاقائی سلامتی کے موضوع پر آبادی کے لحاظ سے دنیا کے دو بڑے ملکوں کے مابین وسیع تر روابط قائم کرنا ہے ۔ چین نے اس دعوت کا سرکاری طور پر ابھی کوئی جواب نہیں دیا ہے ۔، آخری بار2012میں چین کے سربراہ کے طور پر ہو جنتاؤ نے ہندستان کا دورہ کیا تھا۔ ہند وقوم پر ست رہنما نریندر مودی نے بھاری اکثریت انتخابات میں فتح حاصل کی جس کی وجہ سے کانگریس پارٹی کی ایک دہائی پر مشتمل حکومت کا خاتمہ ہوگیا ۔ کانگریس نے1947میں ہندوستان کی آزادی کے بعد سے بیشتر اوقات ہندوستان پر حکومت کی پالیسی سے وابستہ رہی ہے ۔ مودی، ہندوستان اور چین کے مابین رشتوں میں از سر نو توازن پیدا کرنا چاہتے ہیں جو طویل عرصہ سے شکوک و شبہات سے دوچار رہے ہیں ۔ خطہ میں چین کا قریبی اتحادی ہندوستان کا روایتی حریف پاکستان ہے جس کے وزیر اعظم نواز شریف نے مودی کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کی تھی ۔ چین اور ہندوستان کے درمیان1962میں ایک جنگ ہوئی تھی۔ جس میں ہندوستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا ۔ دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحد پر اکثر کشیدگی پیدا ہوجاتی ہے ۔ ہندوستان اور چین کے درمیان تقریباً3400کلو میٹر طویل سرحد ہے اور اس کا کچھ حصہ اب بھی متنازعہ ہے ۔ ہندوستان اور چین کے مابین تجارت میں ہندوستان کو40ارب ڈالر کا خسارہ ہورہا ہے۔ مودی چاہتے ہیں کہ چین کے بازار تک ہندوستان کی رسائی ہو تاکہ یہ فرق کم ہوسکے ۔

China's FM to visit India next week

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں