تلنگانہ پولیس کو عالمی معیار پر ترقی دینے کا فیصلہ - 300 کروڑ روپے مختص - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-22

تلنگانہ پولیس کو عالمی معیار پر ترقی دینے کا فیصلہ - 300 کروڑ روپے مختص

حیدرآباد
منصف نیوز بیورو
تلنگانہ کے وزیر داخلہ این نرسمہا ریڈی نے آج کہا کہ حکومت نے تلنگانہ پولیس کو نیویارک پولیس کے خطوط پر عصری بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ پولیس جرم کے مقام پر اندرون10منٹ پہنچ سکے اور جرائم کی شرح میں کمی لائی جاسکے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے اس سلسلہ میں اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ہمراہ ایک اجلاس منعقد کیا جس میں ڈائرکٹر جنرل آف پولس ، سٹی پولیس کمشنر انٹلی جنس چیف اور دیگر نے شرکت کی ۔ اجلاس میں پولیس کو جدید آلات سے لیس کرنے اور فورس کو عصری بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے اس سلسلہ میں300کروڑ روپے مختص کئے ہیں اور اس فنڈ کو1650نئی انوواکاروں کی خریدی کے لئے استعما ل کیاجائے گا ۔ یہ کاریں جی پی ایس اور4Gانٹر نیٹ کنکشن سے لیس ہوں گی ۔ اس طرح پولیس کی نقل و حرکت میں زبردست تیزی آجائے گی ۔ موجودہ رکشک گاڑیاں قدیم ہوچکی ہیں اور انہیں تبدیل کردیاجائے گا۔ گلیوں میں پولیس پٹرولنگ کے لئے1500نئی موٹر سائیکلوں کی خریدی کا فیصلہ کیا گیا ہے جنہیں وائر لیس سیٹوں سے لیس کیاجائے گا ۔ پولیس کا موجودہ یونیفارم بھی تبدیل کردیاجائے گا اور تلنگانہ پولیس کے ہر رینک کے ملازم وعہدیدار کو نیلے رنگ کا یونیفارم دیاجائے گا۔ حکومت نے بنجارہ ہلز میں8ایکر اراضی پر نیا پولیس کمشنر دفتر تعمیر کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے ۔ اسی دوران سکریٹریٹ میں تلنگانہ اور آندھرا پردیش بلاکس کے درمیان سرحد قائم کردی گئی ہے ۔ دونوں سکریٹریٹس کے درمیان بیریکیڈس کھڑے کردئے گئے ہیں اور دونوں کے درمیان گاڑیوں کی نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے تاہم یہ سرحد پیدل عبور کی جاسکتی ہے ۔ مرکزی سیکوریٹی فورسس کو سکریٹریٹ میں تعینات کردیا گیا ہے اور وہ اس سرحد کی حفاظت کررہے ہیں۔ یہ پوچھے جانے پر کہ سکریٹریٹ میں مرکزی پولیس فورس کا داخلہ کیونکر ہوا تو نرسمہا ریڈی نے یہ کہتے ہوئے سوال ٹالنے کی کوشش کی کہ انہوں نے مرکزی فورسس طلب نہیں کی ہیں۔ ریاست میں حالات پرامن ہیں اور پرامن ہی رہیں گے ۔انہوں نے بتایا کہ مرکزی سیکوریٹی فورس، آندھرا پردیش سکریٹریٹ کے علاقہ میں ہے، تلنگانہ سکریٹریٹ کے علاقہ میں نہیں۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں