ٹی آر ایس حکومت سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا کرے گی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-05

ٹی آر ایس حکومت سنہرے تلنگانہ کا خواب پورا کرے گی

چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے آج تیقن دیا کہ ان کی حکومت تلنگانہ کو’’سنہرے تلنگانہ‘‘ میں تبدیل کرنے عوام کے خواب کو پورا کرنے کے اپنے عہد کی پابند ہے ۔ چندر شیکھر راؤ نے ضلع میدک کے اپنے حلقۂ اسمبلی گجویل میں ایک زبردست جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے اپنی بات کا اعادہ کیا کہ کسانوں کے قرض معاف کردیے جائیں گے اور ریاست کے کمزور طبقات اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے آئندہ5برسوں کے دوران ایک لاکھ کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ فلاحی اسکیموں کا ایک نیا دور شروع ہوگا ۔ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر نے مزید بتایا کہ ان کی حکومت کی پہلی ترجیح کمزور طبقات اور اقلیتوں کی فلاح و بہبود ہے ۔ جب کہ دوسری ترجیح شعبہ زراعت کی ترقی ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ تخم کی کاشت پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی، کیونکہ تلنگانہ کی مٹی اس مقصد کے لئے دنیا کی بہترین مٹی کہلاتی ہے ۔ گجویل میں کے چند رشیکھر راؤ کی تقریر میں زیادہ تر وہی نکات شامل تھے جو انہوں نے ریاست کا چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کرنے کے بعد پریڈ گراؤنڈ پر یوم تاسیس تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہے تھے ۔ ان کی تقریر کے دوران مختلف اعلانات کا عوام نے بار بار تالیوں کی گونج میں استقبال کیا ۔ چیف منسٹر کا عہدہ حاصل کرنے کے بعد ان کا یہ پہلا عوامی جلسہ تھا۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کرپشن میں ملوث ہونے کے خلاف انتباہ دیا اور کہا کہ خاطیوں کو ہرگز بخشا نہیں جائے گا ، خواہ وہ کتنا ہی اثرورسوخ کا حامل کیوں نہ ہو۔، چیف منسٹر تلنگانہ نے زور دے کر کہا کہ سیاسی کرپشن کو آہنی پنجہ کے ساتھ کچل دیا جائے گا، کیونکہ یہ کرپشن ،ترقی اور فروغ کی راہ میں خطرناک رکاوٹ ہوتا ہے ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے اپنے اس وعدہ کا بھی اعادہ کیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ غریبوں کے لئے ٹائلٹ اور باتھ روم کی سہولت کے ساتھ ڈبل بیڈ روم کے مکانات تعمیر کیے جائیں گے اور ریاست کے ہر ضلع ہیڈ کوارٹر پر سو پر اسپیشالٹی دواخانوں کا قیام عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طویل جدو جہد کے بعد علیحدہ تلنگانہ کے خواب کو تعمیر ملی ہے ، جو اپنے آپ میں منفرد حیثیت کی حامل ہے ۔ انہوں نے تحریک تلنگانہ کو دنیا کی سب سے کامیاب جدو جہد قرار دیا ۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا کہ ریاست کے عوام مزید خواب اور امیدیں رکھتے ہیں اور ان کی حکومت انہیں حقیقت میں تبدیل کرنے کے لئے مستقل جدو جہد کرتی رہے گی۔ چیف منسٹر تلنگانہ نے اعلان کیا کہ گجویل کے اطراف و اکناف ایک آؤٹررنگ روڈ کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ذات پات اور سیاسی وابستگی کو بالائے طاق رکھتے ہوئے تجویل کو ریاست کے سب سے زیادہ ترقی یافتہ علاقہ میں تبدیل کرنے کے لئے کام کریں۔ کے چندر شیکھر راؤ نے یہ بات دہرائی کہ ان کی حکومت وہ تمام وعدے پورے کرے گی جو ٹی آر ایس کے انتخابی منشور میں شامل کیے گئے تھے۔

TRS will fulfill the dream of golden telangana

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں