لا اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے اکھلیش یادو فوری اقدام کریں - مرکزی وزارت داخلہ - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-05

لا اینڈ آرڈر کو بہتر بنانے اکھلیش یادو فوری اقدام کریں - مرکزی وزارت داخلہ

مرکز نے اتر پردیش میں عصمت ریزی اور قتل کے واقعات پر تشویش کا اظہار کیا اور اکھلیش یادو حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ریاست میں قانون و نظم و ضبط کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے مناسب اقدام کریں ۔ مملکتی وزیر داخلہ کرن ریجیجو نے اتر پردیش میں رونما ہونے والے اس طرح کے واقعات کو اجاگر کرنے اور دیگر ریاستوں کے واقعات کو نظر انداز کردینے کا میڈیا پر الزام عائد کرنے پر چیف منسٹر اتر پردیش کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے اکھلیش یادو کو مشورہ دیا کہ اس طرح کے شرمناک واقعات کو اعداد و شمار کی روشنی میں نہیں دیکھا جانا چاہئے ۔ ملک کے کسی بھی حصہ میں پیش آنے والے اس طرح کے واقعات ہم سب کے لئے تشویش کاسبب ہیں ۔ جو صورتحال پیدا ہوئی ہے جسے گزشتہ چند دنوں سے ہم نے دیکھا ہے حقیقت میں ہم سب کے لئے اور بالخصوص وزارت امور داخلہ کے لئے تشویش کا سبب ہے اسی لئے ہم توقع کرتے ہیں کہ اتر پردیش حکومت اس طرح کے سنگین اور گھناؤنے جرائم کے خلاف مناسب اقدام کرے گی ۔ ریجیجو نے پارلیمنٹ ہاؤز کے باہر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات کہی ۔ وہ اتر پردیش میں خواتین کے خلاف سلسلہ وار جرائم کے واقعات سے متعلق سوالات کی بوچھار پر رد عمل ظاہر کررہے تھے ۔ یہ پوچھے جانے پر کہ آیا مرکز اس مطالبہ کو قبول کرے گا کہ سماج وادی پارٹی کی زیر قیادت ریاست میں صدر راج نافذ کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر راج اور اس سارے معاملہ کے وسیع تر پہلو ہیں جن پر میں سرسری تبصرہ نہیں کرسکتا ۔ اکھلیش یادو حکومت کو سخت لفظوں میں دئیے گئے پیام میں مملکتی وزیر داخلہ نے کہا کہ اتر پردیش میں ہم جس طرح کے حالات دیکھ رہے ہیں اس میں ہم اپنے طور پر کچھ بھی نہیں کرسکتے کیونکہ ہمیں ریاستی اداروں پر بھروسہ کرنا پڑتا ہے اور وزارت امور داخلہ کی توقع یہی ہے کہ مناسب اقدام کیا جائے گا۔ یوپی میں پیش آنے والے واقعات کو اجاگر کرنے کے لئے میڈیا کے خلاف یادو کے ریمارکس کے بارے میں سوال پر ریجیجو نے کہا کہ اس طر کے شرمناک واقعات کو تعداد کی روشنی میں نہیں دیکھنا چاہئے ۔ ایک بھی واقعہ پیش نہیں آنا چاہئے ۔ ہم ایسے واقعات کو کیوں نہیں روک سکتے ؟ اکھلیش یادو نے کل اپنے ریمارکس میں کہا تھا کہ اس ریاست کے واقعات کی بہت زیادہ تشہیر کی جاتی ہے ، جب کہ یہ واقعات صرف اتر پردیش میں پیش نہیں آتے۔

Centre talks tough after UP CM's 'rape remark'

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں