برسر اقتدار جنتادل یو کو لالو کی آر جے ڈی کی حمایت کا اعلان - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-19

برسر اقتدار جنتادل یو کو لالو کی آر جے ڈی کی حمایت کا اعلان

پٹنہ
ایس این بی
آر جے ڈی نے بدھ کو راجیہ سبھا ضمنی الیکشن میں جنتادل یو کو حمایت دینے کا اعلان کر کے بر سراقتدار پارٹی کو بہت بڑی راحت دے دی ہے ۔حمایت کے اعلان کے ساتھ ہی لالو پرساد یادو ایک بار پھر جنتادل یو کے لئے نجات دہندہ بن گئے ہیں ۔ مانجھی سرکار کے اعتماد کے ووٹ حاصل کرنے کے وقت بھی آر جے ڈی نے حمایت دی کر جنتادل یو کو بحران سے باہر نکالا تھا ۔ آ ر جے ڈی کی لیجسلیچر پارٹی کی میٹنگ کے بعد پارٹی صدر لالو پرساد یادو نے راجیہ سبھا ضمنی الیکشن میں جنتادل یو کی حمایت کرنے کا اعلان کیا ۔ اس کے ساتھ ہی کئی دنوں سے جاری تذبذب کی کیفیت ختم ہوگئی ہے ۔ راجیہ سبھا کی تین سیٹوں کے ضمنی الیکشن کے لئے جنتادل یو کی جانب سے پارٹی کی قومی صدر شردیا ، پون ورما اور غلام رسول بلیاوی کے خلاف باغی خیمے کی جانب سے بطور آزاد امیدوار صابر علی ، انل شرما اور دلیپ جیسوال کھڑے کئے گئے تھے ۔ان سبھی امیدواروں کے پرچے نامزدگی درست قرار دئیے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ ان میں جنتادل یو کے پارٹی صدر شردیادو کے خلاف کوئی بھی امیدوار میدان میں نہیں اترا ۔ لہذا شردیادو بلا مقابلہ منتخب ڈکلیئر کردیے گئے ، لیکن دو آزاد امیدوار انل شرما اور صابر علی کے انتخابی میدان میں ڈٹے رہنے کے باعث19تاریخ کو راجیہ سبھا کا ضمنی الیکشن لازمی ہوگیا ۔ واضح رہے کہ رام ولاس پاسوان ، راجیو پرتاپ روڑی اور رام کرپال یادو کے لوک سبھا الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے باعث راجیہ سبھا کی خالی ہوئی تین سیٹوں کے لئے ضمنی الیکشن ہورہا ہے ۔ ان تینوں سیٹوں کی مدت کار7جولائی2016تک ہے ۔ دریں اثناء بہار میں برسر اقتدار جے ڈی یو کو راجیہ سبھا انتخابات میں حمایت دینے کے مسئلے پر آر جے ڈی میں اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں ۔ پارٹی کے قومی نائب صدر و سابق ایم پی رگھوونش پرساد سنگھ نے ایسے کسی بھی فیصلے کی مخالفت کئے جانے کا اعلان کیا ہے ۔ مسٹر سنگھ نے آج یہاں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جے ڈی یو کو آر جے ڈی کی طرف سے حمایت دینا خود کشی کے مترادف ہوگ ا۔انہوں نے کہا کہ جے ڈی یو کے لیڈر نتیش کمار راجیہ سبھا انتخابات میں اپنے امیدواروں کی جیت کو یقینی بنانے کے لئے آر جے ڈی صدر لالو پرساد یادو سے حمایت کی اپیل کررہے ہیں جو ممکن نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کمار اور ان کی پارٹی جے ڈی یو دونوں ہی موقع پرست ہیں ۔ سابق ایم پی نے کہا کہ آر جے ڈی کے اقتدار کو جنگل راج سے تشبیہ دینے والے سابق وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور ان کی پارٹی آر جے ڈی کے ایم ایل اے کو پارٹی سے برگشتہ کرکے جیتن رام مانجھی کی حکومت میں وزیر بنارہے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ مسٹر کمار نے بہار کی سبھی سیٹوں پر امیدواروں کو کھڑا کیا اور آر جے ڈی کے ووٹ میں نقب زنی کی جس کی وجہ سے پارٹی کو ہارکا سامنا کرنا پڑا ۔ مسٹر سنگھ نے نتیش کمار پر نریندر مودی کو وزیر اعظم بنانے میں اہم رول ادا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہ ان کی وجہ سے ہی ریاست میں بی جے پی کو امید سے زیادہ کامیابی ملی ۔ انہوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ایسی صورتحال میں جے ڈی یو کو آر جے ڈی کی حمایت قطعی ممکن نہیں ہے ۔

RS bypolls: Lalu to support JD(U)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں