پاکستانی عدالت کا سی آئی اے کے 2 سابق افسروں پر مقدمہ چلانے کا حکم - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-06

پاکستانی عدالت کا سی آئی اے کے 2 سابق افسروں پر مقدمہ چلانے کا حکم

پاکستان کی عدالت نے آج سی آئی اے کے دو سابق عہدیداروں بشمول ایک سابق اسٹیشن چیف پرڈرون حملوں کے ذریعے ملک کے خلاف جنگ چھیڑںے، قتل اور مجرمانہ سازش کے لئے انسداد دہشت گردی قانون کے تحت فوجداری مقدمہ درج کرنے کی پولیس کو ہدایت دی ہے ۔ عدالت نے یہ حکم اسلام آباد پولیس کے افسر کو دیا ہے جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس ضمن میں لیگل برانچ سے رائے لے کر قانونی کارروائی کرے گی ۔ جمعرات کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے کریم خان کی طرف سے ڈرون حملوں کے خلاف دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی ۔ درخواست گزار کے وکیل شہزاد اکبر نے درخواست کے حق میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے موکل کا بیٹا ذین اللہ اور ان کے بھائی آصف کریم دسمبر2009میں میر علی میں ہونے والے ڈرون حملے میں ہلاک ہوگئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے موکل کے عزیزوں کا نہ تو کسی شدت پسند تنظیموں سے تعلق تھا اور نہ ہی وہ کسی مقدمہ میں مطلوب تھے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ ڈرون حملوں میں بے قصور افرا د کی ہلاکت قتل کے زمرے میں آتی ہے اور ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کیاجائے ۔ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ ان کے موکل کے رشتہ داروں کے قتل کی ذمہ داری اس وقت پاکسان میں سی آئی اے کے اسٹیشن ہیڈس جوناتھن بینکس اور جان ایروز پر عائد ہوتی ہے ۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی نے تھانہ سکریٹریٹ کے ایس ایچ او عبدالرحمن کو ہدایت کی کہ یہ معاملہ قابل دست اندازی پولیس میں آتا ہے لہذا ان کے خلاف مقدمہ درج کیاجائے ۔ واضح رہے کہ پاکستان کی کسی بھی عدالت نے پہلی بار سی آئی اے کے سابق عہدیداروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے ۔ پولیس افسر عبدالرحمن نے کہا کہ وہ اس معاملہ میں لیگل برانچ سے رائے لیں گے اور پھر اس کے بعد ملزمین کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے درخواست گزار جنگی جرائم کی بین الاقوامی عدالت میں بھی ڈرون حملوں کا معاملہ لے کر جاچکے ہیں لیکن وہاں پر بھی ان کی شنوائی نہیں ہوئی ۔ خیال رہے کہ پاکستان میں امریکی ڈرون حملوں کے خلاف عوام میں زبردست برہمی پائی جاتی ہے اور حکومت بھی ڈرون حملوں کے خلاف اپنی ناراضگی کا وقتاً فوقتاً اظہار کرتی رہی ہے لیکن عوام کا ماننا ہے کہ یہ ناراضگی ظاہری طور پر ہے اور حکومت ڈرون حملوں کو روکنے کے لئے کوئی اقدامات کرنا نہیں چاہتی ۔

Pakistan court orders FIR against ex-CIA station chief

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں