پاکستان کے تعلیمی بجٹ میں 11 فیصد کی کمی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-06

پاکستان کے تعلیمی بجٹ میں 11 فیصد کی کمی

بدترین بین مسلکی اور فرقہ وارانہ عدم رواداری سے دو چار پاکستانی معاشرے کو بدلنے کے لئے عصری تعلیمی فروغ کی مختلف حلقوں کی پرزور وکالت اور حکومت کے اس دعویٰ کے باوجود کہ وہ تعلیمی شعبے کو اہمیت دیتی ہے حیرت انگیز طور پر مرکزی تعلیمی بجٹ میں گیارہ فیصد تک کی کمی کردی گئی ہے ۔ پاکستانی تجزیہ نگاروں کے مطابق پرسوں معلنہ تعلیمی بجٹ میں ایک ارب روپے سے زائد کی کمی کی گئی ہے اور اگر اس میں افراط زر کا بھی حساب کتاب شامل کیا جائے تو یہ کمی گیارہ فیصد ہوجاتی ہے ۔، پرسوں مجموعی طور پر86.4ارب روپے کے مرکزی تعلیمی بجٹ کا اعلان کیاگیا ، جو گزشتہ سال کے نظر ثانی شدہ بجٹ سے1.6فیصد کم ہے ۔ روزنامہ ڈان کے مطابق تعلیم کے لئے مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کا چار فیصد محض ایک خواب بن کر رہ گیا ہے ۔ اقتصادی سروے2013-2014کے مطابق افراط زر کی شرح8.7فیصد تھی ۔لہذا اگر افراط زر کی شرح سے تعلیمی بجٹ میں سے کٹوتی کرلی جائے تو گیارہ فیصد کی مجموعی کمی سامنے آئے گی اور یہ بجٹ حقیقی معنوں میں78.9ارب روپے کے برابر رہ جائے گا ۔ علازہ ازیں وزارت تعلیم و تربیت کے ایک اہلکار نے کہا کہ اعلی تعلیم کے شعبے کے لئے2014-2015کے وفاقی بجٹ میں چھوٹے صوبوں کو نظر انداز کردیا گیا ہے ۔ یونسکو کی ایک رپورٹ سے2013میں انکشاف ہوا تھا کہ اسکولوں سے محروم بچوں کی تعداد کے حوالے سے پاکستان دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے ۔ صرف نائیجیریا ہی ایسا ملک ہے جہاں یہ تعداد پاکستان سے زیادہ ہے ۔ یعنی پاکستان کے پچپن لاکھ بچے اسکولوں سے محروم ہیں ۔ یہ تعداد ہندوستان کے مقابلے میں کئی گنا زیادہ ہے ۔ پاکستانی تجزیہ نگاروں کا اصرار ہے کہ اس حقیقت کو تسلیم کرنے میں کوئی عار نہیں ہونا چاہئے کہ پاکستان میں تعلیم پر ہونے والے ناکافی اخراجات بھی ایک ایسے جاہل اور رواداری سے عاری معاشرہ تشکیل دینے کا سبب بنے ہیں جس نے کئی دہائیوں تک نظر انداز کئے جانے کے بعد، شدت پسندی اور انتہا پسندی کے نظریات قبول کرلئے ہیں ۔ معروف تعلیمی ریسرچر احمد علی کے حوالے سے اخبار نے لکھا ہے کہ تعلیمی بجٹ کے اندر حقیقی معنوں میں گیارہ فیصد تک کمی ہی نہیں کی گئی بلکہ اس بجٹ کا73فیصد اعلی تعلیمی کمیشن(ایچ ای سی) کے لئے مختص کیا گیا ہے۔ احمد علی نے مزید کہا کہ سب سے زیادہ اہمیت اس بات کی ہوگی کہ مختص فنڈ کا بروقت جاری کیا جائے اور اس کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔

Pak Education budget decreased despite promises

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں