آندھرا وزیر اعلیٰ کے طور پر چندرا بابو نائیڈو کی آج حلف برداری - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-08

آندھرا وزیر اعلیٰ کے طور پر چندرا بابو نائیڈو کی آج حلف برداری

صدر تلگو دیشم پارٹی این چندرا بابو نائیڈو 10سال کے وقفہ کے بعد8جون کو مابقی آندھرا پردیش کے چیف منسٹر بن جائیں گے ۔ وہ تیسری مرتبہ بحیثیت چیف منسٹر حلف لیں گے اور اس طرح ایک تاریخ بنائیں گے ۔ یہ بھی حسن اتفاق ہے کہ انہیں کے برہما نند ریڈی(آنجہانی) کے بعد سب سے زیادہ طویل عرصہ تک بحیثیت چیف منسٹر خدمات انجام دینے کا اعزاز حاصل ہے ۔ حلف برداری کے لئے75ایکر پر پھیلے ہوئے وسیع اور کھلے گراؤنڈ پر تمام تیاریاں مکمل ہوچکی ہیں ۔ یہ میدان، وجئے واڑہ اور گنٹور ٹاؤنس کے درمیان واقع ہے ۔ اس تقریب حلف برداری کا بڑا چرچا رہا ہے۔ یہ تقریب کل شام7بج کر27منٹ پر منعقد ہوگی ۔ نامزد چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرابابو نائیڈو کو ، گورنر ای ایس ایل نرسمہن حلف دلائیں گے ۔ نائیڈو کے ساتھ وزراء کی ایک مختصر ٹیم بھی حلف لے گی۔ قبل ازیں یہ خیال کیا گیا تھا کہ نائیڈو کے لئے حلف لیں گے ۔ تقریب حلف برداری میں ملک کے سینئر سیاستداں موجود رہیں گے جن میں سینئر بی جے پی لیڈر ایل کے اڈوانی ، مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، ایم وینکیا نائیڈدو، پرکاش جاوڈیکر اور دیگر قائدین شامل ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے اس تقریب میں مرکزی وزیر نرملا سیتا رامن شرکت کریں گی ۔ کئی چیف منسٹرس بشمول بے جیہ للیتا(ٹاملناڈو) وسندھراراجے( راجستھان) منوہر پاریکر(گوا) پرکاش سنگھ بادل(پنجاب) اور نوین پٹنائک(اڈیشہ) کی شرکت بھی تقریب حلف برداری میں متوقع ہے ۔ نائیڈو بحیثیت چیف منسٹر حلف لینے کے بعد زرعی قرضہ جات کی معافی کی فائل پر دستخط کریں گے ۔ ان قرضوں کی معافی کا وعدہ تلگو دیشم کے انتخابی وعدوں میں شامل تھا ۔ توقع ہے کہ تقریب حلف برداری میں زائد از3لاکھ افراد شرکت کریں گے ۔ اس کے پیش نظر ساؤتھ ریلوے کی جانب سے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ تقریب میں شرکت کے لئے آنے والی انتہائی اہم شخصیتوں کی سہولت کے لئے وجئے واڑہ کے قریب گناورم ایر پورٹ پر3ہیلی کاپٹروں کو تیار رکھا گیا ہے ۔

Chandrababu Naidu to Take Oath as New Andhra Pradesh CM

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں