ایم کیو ایم رہنما الطاف حسین لندن میں گرفتار - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-04

ایم کیو ایم رہنما الطاف حسین لندن میں گرفتار

متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے رہنما الطاف حسین کو یہاں منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے نارتھ ویسٹ کے ایک گھر سے گرفتار کرلیا ۔ منی لانڈرنگ کیس کی چھان بین کا سلسلہ گزشتہ دیڑھ سال سے جاری تھا ۔ تاہم ایم کیو ایم کے رہنما اور سینئٹر فروغ نسیم نے تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں تصدیق کررہا ہوں کہ الطاف حسین کو گرفتار نہیں کیا گیا ، اسکاٹ لینڈ یارڈ نے کہا ہے کہ وہ الطاف حسین کا بیان لینا چاہتے ہیں ۔ پاکستان میں الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر میڈیا کے ذریعہ عام ہونے کے ساتھ ہی کراچی کے مختلف علاقوں میں دکانیں بند ہونا
شروع اور کشیدگی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں ۔ شہر کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کراچی میں برطانوی ہائی کمیشن کو عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ مختلف شہروں میں کشیدگی کے دوران کراچی کے مختلف علاقوں میں گاڑیاں نذر آتش کرنے اور فائرنگ کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں ۔ کراچی کے علاقے گلشن اقبال ، بلدیہ ٹاؤن اور ناتھا خان میں فائرنگ سے تین افراد زخمی ہوگئے۔ اسی طرح شفیق موڑ پر دو اور گلشن اقبال میں پیراڈائز بیکری کے پاس ایک گاڑی نذر آتش کردی گئی ۔ اندرون سندھ بھی مختلف علاقوں میں صورتحا ل کشیدہ ہوگئی ہے جہاں ٹنڈوالہیار کے مختلف علاقوں میں ہوائی فائرنگ سے 6افراد زخمی اور کاروباری مراکز بند ہوگئے ۔ ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف کو جب الطاف حسین کو حراست میں لینے کی خبر پہنچائی گئی تو انہوں نے افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ الطاف حسین کو حراست میں لینے کا معاملہ انتہائی حساس ہے اور حکومت تمام قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے گی ۔ انہوں نے اس حوالے سے پارلیمنٹ کو بھی اعتماد میں لینے کی ہدایت کی ۔ کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کی صورتحال دیکھی گئی اور انڈیکس یکدم800پوائنٹس تک نیچے گر گیا ۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال برطانوی ٹیلویژن بی بی سی2کے پروگرام نیوز نائٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ اور تشدد بھڑکانے کی تحقیقات کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی کے یونٹ نے الطاف حسین کے دفتر پر دو سال قبل6دسمبر کو پولیس اینڈ کرمنل ایویڈنس ایکٹ کے تحت چھاپہ مارا تھا ۔ ان کے دفتر سے نقد رقم برآمد ہوئی تھی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم پروسیڈ آف کرائم ایکٹ کے تحت قبضے میں لی گئی تھی ۔ اس کے بعد18جون 2013کو شمالی لندن کے دو مکانات پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا اور موقع پر بھی بھاری رقم قبضے میں لی گئی۔

Pakistan MQM leader Altaf Hussain arrested in London

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں