کشن گنج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی مرکز پر فرقہ پرستوں کی نظر - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-06-10

کشن گنج علی گڑھ مسلم یونیورسٹی مرکز پر فرقہ پرستوں کی نظر

کشن گنج کے ممبر پارلیمنٹ اور آل انڈیا تعلیمی و ملی فاؤنڈیشن کے صدر مولانا اسرارالحق قاسمی نے اے ایم یو سنٹر کے لئے مختص آراضی پر گزشتہ رات کی تاریکی میں مقامی اکثریتی فرقہ کے کچھ شرپسند عناصر کے ذریعہ مردے دفنا کر زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشن گنج میں کچھ شر پسند عناصر فرقہ وارانہ اور تشدد کو ہوا دینے کی کوشش کررہے ہیں ، تاکہ الیکشن میں شکست کا بدلہ لیا جاسکے مگر ان کی یہ کوشش کشن گنج کے عوام کبھی بھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔ مولانا قاسمی نے ضلع انتظامیہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بروقت کارروائی کرکے حالات کو قابو میں کرلیا ہے ۔ مولانا نے کہا کہ ضلع کلکٹر اور ایس پی سے وہ برابر رابطہ بنائے ہوئے ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی زمین پر قبضہ کرنے کی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ مولانا قاسمی نے کہا کہ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے رابطہ کرکے ان سے کہا ہے کہ سنٹر میں جلد سے جلد تعمیراتی کام شرو ع کیاجائے اور چہار دیواری کے کام کو ترجیحی بنیاد پر کیاجائے تاکہ فتنہ کا سدباب ہوسکے ۔انہوں نے کہا کہ پرووائس چانسلر ، جو اس سنٹر کے انچارج بھی ہیں، ان سے میں نے فون پر بات کی ہے اور حالات سے آگاہ کراتے ہوئے کہا ہے کہ تعمیراتی کام جلد سے جلد شروع کردیں ۔ پرووائس چانسلر نے کہا ہے کہ تعمیراتی کمپنیوں سے اسٹیمٹ طلب کیے گئے ہیں یہ فائنل ہونے کے بعد کام شروع ہوجائے گا۔ خیال رہے کہ مولاناقاسمی نے اس واقعہ کا علم ہونے فوراً بعد ہی ضلع انتظامیہ اور یونیورسٹی انتظامیہ سے گفتگو کرکے معاملہ کو فوری طور پر حل کرایا ۔ رکن پارلیمنٹ مولانا قاسمی نے کشن گنج کے عوا م سے اپیل کی ہے کہ وہ بہر صورت فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو قائم رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام کارروائیاں اس لئے کی جارہی ہیں تاکہ امن و امان کو نقصان پہنچے، فرقہ پرست قوتیں ہندو مسلم اتحاد کو ختم کرکے اپنے مفسدانہ مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ اس ل ئے اس موقع پر ہمیں جوش سے کہیں زیادہ ہوش سے کام لینے کی ضرورت ہے ۔ مولانا نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ کشن گنج میں اے ایم یو سنٹر کی زمین کی نگرانی سخت کریں تاکہ شر پسند عناصر اپنے مقاصد میں کامیاب نہ ہوسکیں۔

AMU Centre at Kishanganj, Communal forces trying to target

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں