سیما آندھرا کے 13 اضلاع میں دوسرے مرحلہ کے انتخابات کی تیاریاں مکمل - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-04

سیما آندھرا کے 13 اضلاع میں دوسرے مرحلہ کے انتخابات کی تیاریاں مکمل

چیف الیکٹورل آفیسر بھنور لعل نے آج کہا کہ سیما آندھرا کے13اضلاع میں لوک سبھا کی 25اور اسمبلی کی175نشستوں کے لئے منعقد ہونے والے دوسرے مرحلے کے انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ سکریٹریٹ میں واقع اپنے چیمبر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھنور لعل نے کہا کہ ان کی جانب سے تمام احتیاطی اقدامات کو رو بہ عمل لایا جارہا ہے تاکہ رائے دہندگان کو ان کے حق رائے دہی سے استفادہ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ انہوں نے بتایا کہ تا حال ہم نے63لاکھ اسمارٹ کارڈ جاری کئے ہیں جب کہ مزید27لاکھ اسمارٹ کارڈس آئندہ دو ہفتوں میں جاری کردئے جائیں گے ۔ انہوں ںے کہا کہ ایسے افراد جو فہرست رائے دہندگان میں اپنے ناموں کی نشاندہی میں ناکام رہے ہیں یا ان کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب ہیں، وہ اپنی شکایات بذریعہ آن لائنwww.ceoandhra.nic.inپر روانہ کرسکتے ہیں ۔سی ای او نے بتایا کہ ایک لاکھ26ہزار الیکٹرانک ووٹنگ مشین تیار رکھے ہیں اور ہر ضلع کے لئے دو ہزار الیکٹرانک ووٹنگ مشین فوری طور پر ایمرجنسی صورتحال کے لئے روانہ کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ رائے دہندوں کے جوش و خروش میں کمی کے بغیر پولنگ مراکز پرلاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کی برقراری کو یقینی بنائیں ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ اسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی جو تا حال پانچ لاکھ لیٹر کشیدہ شراب کی سربراہی میں ملوث پائے گئے ہیں ۔ انہوں ںے کہا کہ اس سلسلہ میں خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو غیر قانونی طور پر شراب کی تقسیم کی تحقیقات کرے گی ۔ بھنور لعل نے بتایا کہ جو شراب تقسیم کی گئی ہے اس پر گواہ ہریانہ اورہماچل پردیش کے لیبل چسپاں کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 270کروڑ ملک بھر سے ضبط کئے گئے ۔ جب کہ تا حال آندھرا پردیش میں141کروڑ روپئے ضبط کئے گئے جو غیر قانونی طور پر منتقل کئے جارہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً3.68کروڑ رائے دہندوں میں5مئی تک ووٹر سلپس تقسیم کئے جائیں گے ، جو40,708پولنگ مراکز پر اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے ۔ انتخابی ڈیوٹی انجام دینے والے عہدیدار بنیادی سہولتوں سے استفادہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ سیماآندھرا میں پرامن انتخابات کو یقینی بنانے الیکشن کمیشن کی جانب سے272سی آر پی ایف کمپنیوں کی خدمات حاصل کی جارہی ہے ، جب کہ41ہزار این ایس ایس والینٹر اور ایک لاکھ10ہزار ریاستی پولیس فورس کا عملہ تعینات رہے گا۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے کہا کہ تلنگانہ میں منعقدہ پہلے مرحلہ کے انتخابات کا مجموعی فیصد71فیصد رہا ہے ۔ جب کہ حیدرآباد ، ملکا جگری اور سکندرآباد حلقوں میں رائے دہی کا فیصد کم رہا ہے ۔ تاہم انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دوسرے مرحلہ میں سیما آندھرا علاقوں میں منعقد ہونے والے انتخابت میں زبردست رائے دہی ہوگی اور رائے دہندے جوش و خروش کے ساتھ رائے دہی میں حصہ لیں گے ۔ بھنور لعل نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے جمہوری حق کا استعمال کریں۔

36.76 mn voters for second phase polls in Andhra Pradesh

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں