باغیوں نے لیبیا کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کیا - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-28

باغیوں نے لیبیا کی نئی حکومت کو تسلیم کرنے سے انکار کیا

طرابلس
رائٹر
لیبیا کے تیل سے مالا مال علاقوں کی بندرگاہوں پر قبضہ کرنے والے باغیوں کے لیڈر نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم احمد متیق کی نئی حکومت کو تسلیم نہیں کرتے ۔ ان کے اس بیان کے بعد یہاں حکومت اور باغیوں کے درمیان بندرگاہوں کو کھولنے کے تعلق سے ہونے والے معاہدہ کے ٹوٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ واضح رہے کہ باغیوں کے لیڈر ابراہیم جادران نے گزشتہ حکومت کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا جس کی رو سے باغیوں کے مقبوضہ علاقوں کے بندرگاہوں کو تیل درآمد کے لئے کھول دیاجانا تھا ۔ اس سے پہلے ملک کی وزارت قانون نے بھی نئے وزیر اعظم کے انتخاب کو غیر قانونی قرار دیا تھا جس کے بعد سے ہی اخوان المسلمون کے حمایت یافتہ وزیر اعظم متیق کے خلاف ملک کی پارلیمنٹ میں بغاوت کی آوازیں اٹھنے لگی تھیں ۔ اس نئے منظر نامے کو دیکھتے ہوئے جادران بھی گزشتہ حکومت کے ساتھ ہونے والے معاہدے سے پہلو تہی اختیار کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں ۔ جادران نے کہا کہ تمام متبادل کھلے ہوئے ہیں۔ اگر نئی پارلیمنٹ اپنے فیصلہ پر بضد رہتی ہے تو ہمیں بھی ا پنے رخ میں تبدیلی کرنی پڑے گی ۔ واضح رہے کہ نئی حکومت کے لئے جادران کا یہ فیصلہ معیشت کی کمر توڑ دینے کے مترادف ہوگا۔ گزشتہ برس موسم گرما میں باغیوں کے بندرگاہوں پر قبضے کے بعد اس کے بند کئے جانے سے ملک کے تیل کی پیداوار 14لاکھ بیرل یومیہ سے کم ہوکر صرف ایک لاکھ ساٹھ ہزار بیرل یومیہ رہ گئی تھی۔ متیق کی مشکلوں میں مزید اضافہ کرتے ہوئے پیر کو پارلیمنٹ کے ڈپٹی اسپیکر نے سابق وزیر اعظم عبداللہ الثانی کو خط لکھ کر عہدے پر برقرار رہنے کے لئے کہا تھا ۔ خط میں کہا گیا تھا کہ چونکہ وزارت قانون نے متیق کے ابتدائی الیکشن کو غیر قانونی قرار دے دیا ہے اس لئے وہ اب وزیر اعظم بنے رہنے کے اہل نہیں ہیں۔

libyan rebels refused to recognize Libya's new government

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں