پی ٹی آئی
کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے آج نریندر مودی پر دوہرے چہرے کا حامل ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے سخت نکتہ چینی کی اور کہا کہ ایک طرف وہ اتر پردیش کی ترقی کے تعلق سے بات کرتے ہیں اور دوسری طرف انہوں نے ان افراد کے ساتھ ہاتھ ملایا ہے جو ریاست سے تعلق رکھنے والے عوام کی اہانت کرتے ہیں۔ راج ٹھاکرے کی زیر قیادت مہاراشٹر نونرمان سینا کی مودی کو تائید کا حوالہ دیتے ہوئے راہول نے کہا کہ جب اتر پردیش سے نوجوان ملازمت کی تلاش میں مہاراشٹرکو جاتے ہیں تو انہیں ایم این ایس اور شیو سینا کے کارکن زدوکوب کرتے ہیں،مودی اتر پردیش اور بہار کے عوام کو بااختیار بنانے کی بات کرتے ہیں لیکن ایم این ایس اور شیو سینا کے کے ساتھ ہاتھ ملا رہے ہیں جو ان ریاستوں کے عوام کو دھمکیاں دے رہے ہیں ۔ ان کا وہاں ایک چہرہ ہے اور یہاں ایک اور چہرہ ہے ۔ کانگریس کے نائب صدر نے اتر پردیش میں سون بھدرا میں ایک انتخابی ریالی میں یہ بات کہی ۔ اسی ریاست میں مرزا پور میں ایک اور ریالی میں راہول گاندھی نے ممبئی میں شمالی ہند کے باشندوں پر حملوں کا مسئلہ اٹھایا اور بی جے پی پر دوہرے معیار کا الزام عائد کیا ۔ جب کبھی ایک کانگریسی حکومت ہوتی ہے تو ملازمتیں ہوتی ہیں ، کرناٹک ، آسام ، ہریانہ،مہاراشٹر اور اتر پردیش کے نوجوان ممبئی کو جاتے ہیں کیونکہ وہاں ملازمتیں دستیاب ہیں لیکن شیو سینا ، ایم این ایس اور بی جے پی سے تعلق رکھنے والے قائدین ان کی اہانت کرتے ہیں اور یہاں وہ ترقی کی باتکررہے ہیں۔ راہول گاندھی سیاسی طور پر اہم ریاست اتر پردیش میں انتخابات کے آخری مرحلہ میں رائے دہندوں کو کانگریس کی جانب راغب کررہے ہیں جہاں انتخابات سے 6مہینہ قبل فسادات عمل میں آئے تھے ۔ وہ صرف عوام کو ایک دوسرے سے لڑاتے ہیں لیکن روزگار ،برقی، آبپاشی کے مسائل کی بات نہیں کرتے ۔ چند سال قبل دائیں بازو کے ایک گروپ کی جانب سے منگلور کے ایک پب پر حملہ کا حوالہ دیتے ہوئے راہول نے کہا کہ ایک طرف بی جے پی خواتین پر حملہ کرتی ہے اور دوسری طرف وہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے پوسٹر چسپاں کررہی ہے ۔ جاسوسی تنازعہ کا حوالہ دیتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ خواتین گجرات میں اپنے فونس پر بات کرنے سے خوفزدہ ہیں ۔ مودی ان کی حکومت کے تحت خواتین کو بااختیار بنانے کے تعلق سے باتیں کررہے ہیں لیکن وہ پہلے سے بااختیار ہیں ۔ ان کا احترام کیاجانا چاہئے ۔
Rahul Gandhi hits out at 'the two faces of Narendra Modi'
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں