چین ہندوستان کی نئی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی تعلقات کا خواہاں - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-28

چین ہندوستان کی نئی قیادت کے ساتھ اعلیٰ سطحی تعلقات کا خواہاں

بیجنگ
پی ٹی آئی
وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر قیادت حکومت کے حلف لینے کے ایک دن بعد چین نے آج ہندوستان کی نئی قیادت کے ساتھ جس قدر جلد ممکن ہوسکے اعلیٰ سطحی رابطہ قائم کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا تاکہ سیاسی، تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں تال میل بنایا جاسکے ۔ چین کے باثر ریاستی کونسلر ینگ جچی نے یہاں ہندوستانی سفیر اشوک کے کنتھا کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ بیجنگ ، نئی دہلی کے ساتھ تعلقات کو اعلیٰ سطح پر اہمیت دیتا ہے اور اس سلسلہ میں ہندوستان کی نئی حکومت کے ساتھ اعلی سطحی تعلقات برقرار رکھنے کے لئے کام کرنے تیار ہے۔ سمجھاجاتا ہے کہ چین، پنچ شیل معاہدہ کی تکمیل کے ساٹھ برس کے موقع پر منعقد شدنی تقاریب میں کسی سرکردہ ہندوستانی لیڈر کی شرکت کا خواہاں ہے ۔ پانچ نکات پر مشتمل یہ معاہدہ سابق وزیر اعظم جواہر ال نہرو اور اس وقت کے ان کے چینی ، ہم منصب ز ہو ان لائی کے درمیان طے پایا تھا ۔ یہ تقریب چین میں28جون کو منعقد ہوگی جس میں چین، ہندستان اور میانمار کے قائدین کی شرکت متوقع ہے ۔ چین کی ہندوستان سے دوستی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایاجاسکتا ہے کہ گزشتہ برس اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد صدر ژی من پنگ نے ہندوستان کا دورہ کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی ۔ گزشتہ برس چین کے وزیر اعظم لی کیکیانگ نے بھی عہدہ سنبھالنے کے بعد ہندوستان کے دورہ کو ترجیح دی تھی اور نئی دہلی کے ساتھ چین کے تعلقات کو اہمیت کا حامل قرار دیا تھا ۔ اس کے علاوہ بیجنگ کی اس بات پر قریبی نظر ہے کہ مودی کا پہلا بیرونی دورہ کس ملک کا ہوگا۔ لی کیکیانگ نے کل حلف لینے کے بعد مودی کو مبارکباد دی تھی ۔ انہوں نے کہا تھا کہ چین ، ہندوستان کو ایک طبعی تال میل رکھنے والا رفیق سمجھتا ہے اور نریندر مودی کی زیر قیادت نئی حکومت کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ دونوں ممالک کے مابین اسٹراٹیجک تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچے ۔ توقع ہے کہ لی کیکیانگ آئندہ چند دن کے دوران مودی سے ٹیلی فون پر رابطہ قائم کریں گے ۔ینگ نے جو ہند۔ چین سرحدی معاملہ کے خصوصی نمائندہ بھی ہیں، اشوک کنتھا کے ساتھ ملاقات کے دوران بیجنگ کی جانب سے اس دلچسپی کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک تمام شعبوں میں تال میل اور بات چیت کے مرحلہ کو مزید مستحکم بنائیں گے ۔ ان کے مطابق چین باہمی تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں دلچسپی رکھتا ہے اور ایشیا و دنیا میں ترقی کی رفتار میں اضافہ اور امن کی صورتحال کی برقراری میں دونوں ممالک کی جانب سے حصہ ادا کئے جانے کا خواہاں ہے ۔ ینگ نے کنتھا سے یہ بھی خواہش کی کہ ہندوستان کی نئی حکومت تک چین کی قیادت کی نیک خواہشات پہنچائی جائیں ۔ کنتھا نے ینگ کو تیقن دیا کہ ہندوستان بھی اسٹراٹیجک رفاقت کا ری کو مستحکم بنائے رکھنے کے لئے بیجنگ کا ساتھ دے گا ۔ واضح رہے کہ مودی کے چیف منسٹر گجرات کے طور پر چین نے ان کے ساتھ سیاسی تعلقات بنائے تھے اور بیجنگ نے گجرات میں900ملین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی ۔ چین کے سرکردہ حکام کے ساتھ کنتھا کی یہ دوسری ملاقات رہی ۔ انہوں نے23مئی کو چین کے وزیر خارجہ وانگ دی سے بھی ملاقات کی تھی۔

China keen to work with new Indian leadership to enhance ties

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں