آندھرا پردیش میونسپل انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج سے شروع - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-12

آندھرا پردیش میونسپل انتخابات کے ووٹوں کی گنتی آج سے شروع

#APMunicipalElections
آندھرا پردیش میں30مارچ کو میونسپل الیکشن میں کی گئی رائے دہی میں ووٹوں کی گنتی پیر کے روز شروع کی جائے گی۔ ریاستی الیکشن کمشنر پی رماکانت ریڈی نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ ووٹوں کی گنتی کا آغاز8بجے صبح ہوگا ، جس میں65مقامات کے155کاؤنٹنگ سنٹرس کے ووٹوں کی گنتی ہوگی ۔ واضح رہے کہ10میونسپل کارپوریشن اور146میونسلٹیز کے انتخابات میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینس(ای وی ایم ایس) کا استعمال کیا گیا تھا ۔ توقع ہے کہ نتائج کا دوپہر لے بعد اعلان کردیا جائے گا۔ کمشنر موصوف نے کہا کہ8ہزار افراد کو ووٹوں کی گنتی کے لئے تعینات کیا جائے گا۔ انتخابی ادارہ نے رائے شماری مراکز کے قریب شراب کی تمام دکانوں کوبند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ تاکہ نظم و ضبط کے کسی بھی مسئلہ سے نمٹا جائے ۔ کمشنر نے مزید اعلان کیا کہ دیہی ادارہ جات مقامی کے انتخابات جس کا گذشتہ ماہ انعقاد عمل میں آیا تھا ان کے ووٹوں کی گنتی منگل سے شروع کی جائے گی۔ خیال رہے کہ16ہزار124منڈل پریشد علاقہ کے حلقوں(MPTCs) اور1,093ضلع پریشد کے علاقائی حلقوں(ZPTCs) کے ووٹوں کی گنتی2,099سنٹرس پر کی جائے گی کیونکہ ان انتخابات میں بیالٹ پیپرس کا استعمال کیا گیا تھا ۔ اس لئے گنتی کے عمل کا تاخیر سے شروع ہونے کا امکان ہے ۔ دیہی اور شہری ادارہ جات مقامی دونوں کے ووٹوں کی گنتی انتخابات کے بعد مقرر تھی ، تاہم بعض جماعتوں کے درخواست دائر کرنے کے بعد سپریم کورٹ نے کمیشن کو ہدایت دی تھی کہ ریاستی اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات مکمل ہونے کے بعد ہی ان ووٹوں کی گنتی کی جائے ۔ درخواست گزاروں نے استدلال پیش کیا تھا کہ ان نتائج سے عام انتخابات پر اثر پڑے گا۔ خیال رہے کہ اسمبلی اور لوک سبھا کے انتخابات کا دو مرحلوں میں30اپریل اور7مئی کو انعقاد عمل میں لایا گیا تھا ۔ ان انتخابات میں ووٹوں کی گنتی16مئی کو مقرر ہے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ بیجا نہ ہوگا کہ دیہی اور شہری ادارہ جات مقامی کے انتخابات کا تاخیر سے اعلان بالترتیب آندھر اپردیش ہائی کورٹ اور سپریم کوٹ کی مداخلت کے باعث عمل میں لایا گیا ہے ۔

Andhra Pradesh municipal poll votes to be counted today

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں