1971 سے قبل مقیم بنگلہ دیشی باشندے ہندوستانی - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-22

1971 سے قبل مقیم بنگلہ دیشی باشندے ہندوستانی

شیلانگ
پی ٹی آئی
ایک تاریخی فیصلہ میں میگھالیہ ہائی کورٹ نے کہا ہے کہ اس شمال مشرقی ریاست میں جو بنگلہ دیشی شہری24مارچ1971سے قبل بس گئے انہیں ہندوستانی تصور کیا جانا چاہئے اور ان کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے جائیں ۔یہ فیصلہ بنگلہ دیش سے تعلق رکھنے والے چالیس پناہ گزینوں کی جانب سے پیش کردہ ایک درخواست پر سامنے آیا۔ ضلع نظم و نسق نے ان کی شہریت پر شک و شبہ ظاہر کرتے ہوئے ان کے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ آسام، میگھالیہ سرحد کے قریب میگھالیہ کے ری بھوئی ضلع میں امجانگ موضع کے رہنے والے ان پناہ گیزوں نے ڈپٹی کمشنر کی جانب سے اپنے شہریت کی صداقت نامہ ضبط کرلئے جانے کے بعد ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔جسٹس ایس آر سین نے15مئی کے اپنے فیصلے میں ضلع ڈپٹی کمشنر پوجا پانڈے کو حکم دیا تھا کہ درخواست گزاروں کے شہریت کے اسناد واپس لوٹا دئیے جائیں اور آئندہ انتخابات سے بل ووٹر لسٹ میں ان کے نام شامل کئے جائیں ۔ جسٹس سین نے کہا کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان یہ سمجھوتہ ہوا تھا کہ کسے زیام پذیر رہنے دیا جائے اور کن لوگوں کو بنگلہ دیش واپس بھیج دیا جائے ۔ جج نے ریمارک کیاکہ یہ بات بالکل واضح ہے کہ درخواست گزاروں کے آباء و اجداد 24مارچ1917سے قبل ہندوستان میں داخل ہوئے تھے ۔ چنانچہ انہیں اس مرحلہ میں بنگلہ دیش واپس بھیج دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا جب کہ انہوں نے امجانگ موضع میں مستقل باز آباد کاری کا حق حاصل کرلیا ہے ۔ عدالت نے انہیں بنگلہ دیشی شہری قرار دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جلا وطنی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ عدالت نے ریاستی حکومت اور مرکز کو واضح طور پر ہدیات دی کہ ان پناہ گزینوں کو نہ ستایا جائے بلکہ انہیں مناسب باز آباد کاری کا موقع فراہم کیا جائے ۔ قبل ازیں ریاستی حکومت نے استدلال کیاتھا کہ درخواست گزار اور ان کے آبا و اجداد مستقل ہندوستانی شہری نہیں ہیں بلکہ خود مختار ضلع کونسل کی جانب سے عارضی طور پر انہیں قیام کی اجازت دی گئی ہے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں