الیکشن کے نتائج ناقابل قبول- ای وی ایم کی جانچ کرائی جائے - Taemeer News | A Social Cultural & Literary Urdu Portal | Taemeernews.com

2014-05-22

الیکشن کے نتائج ناقابل قبول- ای وی ایم کی جانچ کرائی جائے

ووٹروں کے حلف ناموں کے ساتھ بھارت مکتی مورچہ اور بہوجن مکتی پارٹی کا سپریم کورٹ جانے کا اعلان
نئی دہلی
ایس این بی
لوک سبھا کے حال ہی میں ہونیو الے الیکشن آزادانہ اور ایماندرانہ نہیں ہوئے، الیکشن کمیشن نے اپنا کام پوری ایمانداری سے انجام نہین دیا، اس لئے ہم اس کے نتائج کوقبول نہیں کرتے ، الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں ہوئی دھاندلیوں کی تفتیش رانے کے لئے ہم جلد سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹائیں گے اور عوام کی عدالت میں بھی دستک دیں گے ۔ یہ اعلان آج بھارت مکتی مورچہ ، بہوجن مکتی پارٹی ، بامسیف اور راشٹر مول نواسی سنگھ کی مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا گیا ۔ بھارت مکتی مورچہ کے صدر وام میشرام نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے متعدد مقامات سے یہ خبریں مل رہی ہیں کہ بہوجن مکتی پارٹی کے کارکان اور ان کے گھر والوں نے اپنے امیدوارکو ووٹ ڈالے لیکن گنتی کے وقت وہ ووٹ نکلے ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسی ہی شکایتیں کئی لوک سبھا حلقوں سے ملی ہیں ۔ ہم نے ان سے حلف نامے مانگے ہیں جن کی بنیاد پر ہم سپریم کورٹ میں پٹیشن ڈالیں گے ۔ انہوں نے بنارس کی مثال پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہاں الیکشن کمیشن نے55فیصد ووٹ ڈالے جانے کی بات کہی تھی۔بنارس میں کل ووٹ 15لاکھ32ہزار438ووٹ ہیں ۔ اس طرح ان کا 55فیصد842840ووٹ ہوتے ہیں لیکن جب ووٹوں کی گنتی کی گئی تو10لاکھ40ہزار سے زیادہ ووٹ نکلے ۔ اس سے اور بھی خدشہ پیدا ہوتا ہے اسی طرح گجرات کے ایک وزیر نے الیکشن سے قبل ہی یہ اعلان کردیا تھا کہ نریندرمودی بڑودہ سے پانچ لاکھ سے زائد ووٹوں سے کامیاب ہوں گے اور وہ اتنے ہی فرق سے کامیاب ہوئے یعنی الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو پہلی ہی سے سیٹ کیا گیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے نتائج پر غور کرنے کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ وہ اس معاملہ کو عوام اور قانون کی عدالت میں لے کر جائے گی ۔ میشرام نے کہا کہ ای وی ایم کے تعلق سے خود لال کرشن اڈوانی اور سبرامنیم سوامی بھی اپنا خدشہ ظاہر کرچکے ہیں اور انہوں نے مقدمہ بھی ڈالا تھا جس پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا تھا کہ ای وی ایم سے ووٹ ڈالنے والے کو اس کے ووٹ ڈالے جانے کی پرچی بھی دی جائے لیکن الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کو پورے ملک میں نافذ نہ کرکے اس پر صرف20پولنگ بوتھوں پر ہی عمل کیا جس کی وجہ سے ای وی ایم کے تعلق سے خدشات موجود ہیں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے میشرام نے کہا کہ ای وی ایم کی گنتی اور ووٹروں کو دی جانے والی رسیدوں ی گنتی ٹیلی کر کے ہی الیکشن کے نتائج کا اعلان ہونا چاہئے ۔، انہوں نے الزام لگایا کہ مختلف ریاستوں میں مختلف پارٹیوں کی سرکاروں میں موجود لوگوں نے افسروں سے ساز باز کرکے کئی جگہ گڑ بڑی کرائی، حالانکہ ان کے پاس اس بات کا کوئی جواب نہیں تا کہ اگر ایسا تھا تو بی جے پی کے علاوہ دوسری پارٹیوں کے لوگ کیوں نہیں جیتے ۔

--

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں